تلنگانہ کے نئے چیف سکریٹری کیلئے تین سینئر عہدیداروں میں مقابلہ

   

جئیش رنجن ‘ وکاس راج اور سنجے جاجو دوڑ میںشامل۔راما کرشنا راؤ کو توسیع نہ دینے مرکز کا فیصلہ

حیدرآباد۔21۔جون(سیاست نیوز) چیف سیکریٹری تلنگانہ کے عہدہ کیلئے سرگرمیاں تیز ہونے لگی ہیں اور اب تین عہدیداروں کے درمیان اس عہدہ کیلئے مقابلہ سخت ہوچکا ہے ۔ تینوں ہی اعلیٰ عہدیدار اس کے حصول کیلئے سرگرم کوششوں میں مصروف ہیں۔ تلنگانہ کیڈر سے تعلق رکھنے والے سینیئر آئی اے ایس عہدیدار مسٹر جئیش رنجن ‘ مسٹر وکاس راج‘ اور مسٹر سنجے جاجو اس عہدہ کیلئے کوشاں ہیں اور اپنے طور پر کوشش میں مصروف ہیں۔بتایا جاتاہے کہ موجودہ چیف سیکریٹری مسٹر کے راما کرشنا راؤ کی خدمات میں مرکزی حکومت کی جانب سے مزید توسیع نہ کرنے کے فیصلہ کے بعد ریاستی حکومت نے مسٹر راما کرشنا راؤ کی خدمات کو دیگر عہدوں پر حاصل کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے اور انہیں وظیفہ پر سبکدوشی کے ساتھ ہی اہم عہدہ تفویض کئے جانے کی اطلاع ہے۔بتایاجاتاہے کہ چیف سیکریٹری تلنگانہ عہدہ کیلئے ریاستی حکومت کی پہلی پسند اسپیشل چیف سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق مسٹر جئیش رنجن ہیں جو کہ 1992 بیاچ سے تعلق رکھتے ہیں اور اسی بیاچ کے سینیئرآئی اے ایس آفیسر مسٹر وکاس راج کو بھی اس بات کا یقین ہے کہ وہ اپنے تجربہ اور دیانتدارانہ خدمات کے نتیجہ میں چیف سیکریٹری کے عہدہ پر فائز ہوسکتے ہیں۔دونوں آئی اے ایس عہدیدار جو اسپیشل چیف سیکریٹری کے عہدہ کے حامل ہیں اور حکومت میں انتہائی اہم ذمہ داریوں پر فائز ہیں وہ چیف سیکریٹری کے عہدہ پر اپنے تقرر کے متعلق پرامید ہیں جبکہ طویل مدت سے مرکزی حکومت کے مختلف محکمہ جات میں خدمات انجام دے رہے 1992 بیاچ کے ہی آئی اے ایس عہدیدار مسٹر سنجے جاجو بھی اس عہدہ کیلئے کوشش میں مصروف ہیں لیکن حکومت کے بعض گوشوں کی جانب سے ان کی طویل مدت تک مرکزی حکومت کے مختلف محکمہ جات میں خدمات کو بنیاد بناتے ہوئے اختلاف کیا جا رہاہے ۔3