حیدرآباد۔12دسمبر(یو این آئی) تلنگانہ کے کئی مقامات پر سردی کی لہر میں اضافہ کے ساتھ کہر دیکھی جارہی ہے ۔کہر کے سبب صبح کے وقت گاڑی سواروں کومشکل صورتحال کا سامنا ہے جو اپنی گاڑیوں کی لائٹس کھول کر گاڑیوں کو چلانے مجبور ہیں۔درجہ حرارت میں گراوٹ کے نتیجہ میں صبح کی اولین ساعتوں سے کہر کی گھنی چادردیکھی جارہی ہے ۔سردی کے موسم میں عموما کہر کی گھنی چادر کے نتیجہ میں سڑکوں پر راستہ صاف دکھائی نہیں دیتااورحادثات بڑھ جاتے ہیں ۔ عادل آباد میں سردی کے ساتھ کہر زیادہ دیکھی جارہی ہے ۔ قومی شاہراہوں پر کہر کے پیش نظر احتیاط کا مشورہ دیاگیا ہے ۔ضلع کے ایجنسی علاقوں اور جنگلات سے متصل آبادیوں میں شدید سردی محسوس ہورہی ہے ۔کئی علاقوں میں صبح 9بجے تک بھی سورج نظرنہیں آرہا ہے ۔عہدیداروں نے عوام کو مشورہ دیا کہ آئندہ دنوں میں سردی میں اضافہ کے پیش نظر چوکس رہیں۔ سردی سے بچے اور معمرین متاثرہیں۔ صبح سے ہی سرد ہوائیں چل رہی ہیں۔ اسپتالوں میں مریضوں کا ہجوم ہے ۔ نزلہ’ کھانسی’ زکام اور بخار میں کئی افراد مبتلا ہیں۔ گرم ملبوسات کی خرید میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ عوام سویٹرس’ ٹوپیوں اور مفلرس کااستعمال کررہے ہیں۔ صبح اورشام میں بیشتر مقامات پر لوگ آگ تاپتے نظر آرہے ہیں۔ حیدرآباد میں اقل ترین درجہ حرارت میں کمی آئی ہے ۔ درجہ حرارت معمول سے دو یا تین ڈگری کم درج کیاگیا ۔ شام 6 بجے سے اگلے دن صبح 8 بجے تک کئی مقامات پر شدید سردی ہے ۔ گذشتہ روز شہر میں معمول کا اقل ترین درجہ حرارت 18.1 درج کیاگیاتھا۔