28جولائی سے قافلوں کی واپسی، موثر انتظامات کیلئے محمد سلیم کی ہدایت
حیدرآباد۔/24 جولائی، (سیاست نیوز) تلنگانہ کے 2262 حجاج کرام مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔ وہ مسجد نبویؐ میں عبادت اور روضہ اطہر پر حاضری کے بعد 28 جولائی سے وطن واپسی کیلئے رخت سفر باندھیں گے۔ تلنگانہ اورآندھرا پردیش کے جملہ 3081 حجاج کرام فریضہ حج کی تکمیل کے بعد مدینہ منورہ پہنچ رہے ہیں۔ 28 جولائی سے حجاج کرام کے قافلوں کی واپسی کا آغاز ہوگا۔ آندھرا پردیش کے حجاج کرام آئندہ دو دن میں مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ پہنچ جائیں گے۔ واپسی کی 6 فلائیٹس کے تلنگانہ حجاج کرام مدینہ منورہ میں قیام پذیر ہیں۔ اسی دوران صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی الحاج محمد سلیم نے خادم الحجاج کو ہدایت دی کہ وہ واپسی کیلئے موثر انتظامات کریں۔ انہوں نے قافلوں کی آمد سے قبل شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح روانگی کے وقت انتظامات کئے گئے تھے اسی طرح واپسی کے وقت بھی موثر انتظامات رہیں گے۔ پہلا قافلہ 28 جولائی کی صبح حیدرآباد ایر پورٹ پہنچے گا جبکہ آخری قافلہ کی واپسی 6 اگسٹ کو ہوگی۔ ابتدائی 5 قافلے تلنگانہ کے حجاج کرام پر مشتمل رہیں گے جبکہ چھٹا اور ساتویں قافلے میں آندھرا پردیش کے حجاج کرام رہیں گے۔ آٹھواں اور آخری قافلہ دونوں ریاستوں کے حجاج پر مشتمل رہے گا۔ ویٹنگ لسٹ کے 65 حجاج شیڈولڈ فلائیٹ سے وطن واپس ہوں گے۔ اطلاعات کے مطابق مدینہ منورہ میں حجاج کرام مسجد نبویؐ میں پنجوقتہ نمازوں کی ادائیگی، خصوصی عبادات اور دعاؤں میں مصروف ہیں۔ ر