تلنگانہ کے 5 کانگریس قائدین کو انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی نوٹس

   


محمد علی شبیر ، گیتا ریڈی ، رینوکاچودھری ، سدرشن ریڈی اور انجن کمار یادو شامل، نیشنل ہیرالڈ معاملہ میں عطیات کی جانچ
حیدرآباد ۔26 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) نیشنل ہیرالڈ کیس میں صدر کانگریس سونیا گاندھی و راہول گاندھی کو انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی تحقیقات کا سامنا ہے ۔ ایسے میں تلنگانہ کے 8 کانگریس قائدین کو انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے نوٹس کی اجرائی کا فیصلہ کیا ہے جنہوں نے نیشنل ہیرالڈ کے لئے عطیات دیئے تھے۔ نیشنل ہیرالڈ کے بحران کو ختم کرنے کیلئے کانگریس پارٹی نے ملک بھر کے اہم قائدین سے عطیات کی اپیل کی تھی جس پر تلنگانہ کے 8 قائدین نے ینگ انڈین لمٹیڈ کے لئے فی کس 10 تا 25 لاکھ روپئے کا عطیہ دیا تھا۔ دو روز قبل انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے ذرائع سے پانچ قائدین کو نوٹس کی اجرائی کی اطلاع دی گئی جبکہ ان قائدین کو باقاعدہ طور پر نوٹس آج موصول ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ عہدیدار نے سابق مرکزی وزیر رینوکا چودھری ، سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر ، سابق وزیر ڈاکٹر جے گیتا ریڈی ، سابق وزیر سدرشن ریڈی اور سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو کی قیامگاہ پہنچ کر نوٹس حوالے کی۔ ان قائدین کو علحدہ علحدہ تاریخوں میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نئی دہلی طلب کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ نوٹس کی اطلاع ملتے ہی کانگریس ہائی کمان نے ان سے ربط کیا اور پارٹی سے مکمل قانونی مدد فراہم کرنے کا یقین دلایا۔ بتایا جاتا ہے کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ سے رجوع ہونے سے قبل ان قائدین کا سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کے وکلاء کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جائے گا تاکہ تمام کی جانب سے یکساں موقف پیش کیا جائے ۔ تلنگانہ میں اگرچہ 8 قائدین کو نوٹس کی اجرائی کی اطلاع ملی ہے تاہم تین قائدین کو ابھی تک شخصی طور پر نوٹس نہیں ملی ۔ اسی دوران انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی نوٹس حاصل کرنے والے قائدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے پارٹی کو چیک کی شکل میں عطیہ دیا ہے اور یہ غیر قانونی نہیں ہے۔ قائدین نے اپنی کمپنیوں اور تجارتی اداروں سے یہ رقم بطور عطیہ دی ہے اور بالکلیہ طور پر اس رقم کا شمار وائٹ منی میں ہوتا ہے۔ قائدین کا احساس ہے کہ نیشنل ہیرالڈ معاملہ میں جس طرح سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو ہراساں کیا جارہا ہے، اسی طرح تلنگانہ کے قائدین کو بھی ہراساں کرنے کیلئے نوٹس جاری کی گئی۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ ہائی کمان کی درخواست پر انہوں نے ینگ انڈین کو چیک کے ذریعہ رقم جاری کی ہے اور ساری معاملت قانونی ہے ، اس میں کسی جرم کا سوال پیدا نہیں ہوتا۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹویٹ کو ہم جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔ بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی کی شکایت کے بعد 2012 ء میں نیشنل ہیرالڈ کیس منظر عام پر آیا تھا۔ عطیات کی شکل میں رقم دینے والے کانگریس قائدین پر انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے نظر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ تلنگانہ کے کانگریس قائدین مطمئن ہیں کہ انہوں نے کوئی غلطی نہیں کی ۔ر