حیدرآباد 31 اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ بٹالین پولیس ملازمین کا احتجاج ابھی ختم نہیں ہوا کہ ہوم گارڈس نے مطالبات کی عدم یکسوئی پر احتجاج کی دھمکی دی ہے ۔ تلنگانہ پولیس کے تحت برسر کار ہوم گارڈس نے 2 تا 4 نومبر حیدرآباد کے دھرنا چوک پر زنجیری بھوک ہڑتال کا اعلان کیا ۔ ریاستی حکومت اور محکمہ پولیس کی جانب سے دیرینہ حل طلب مطالبات کی یکسوئی کیلئے احتجاجی لائحہ عمل اختیار کیا گیا ۔ ریاست بھر میں تقریباً 16000 ہوم گارڈس برسر خدمت ہیں۔ ہوم گارڈس جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کو مکتوب روانہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ وہ سرکاری ملازم نہیں ہے لیکن سرکاری ملازمین کے برابر خدمات انجام دے رہے ہیں لیکن انہیں مراعات حاصل نہیں۔ جے اے سی کے صدرنشین ایس نارائنا نے برطرف کردہ ہوم گارڈس کی بحالی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہوم گارڈس کی بھلائی کے بارے میں ہائی کورٹ کے فیصلہ پر عمل کیا جائے۔ ملازمت کو مستقل کرنے اور فوت ہونے کی صورت میں پسماندگان میں کسی کو ملازمت فراہم کرنے جیسے مطالبات کئے گئے۔ 1