تلگو دیشم کے بانی این ٹی آر کو یوم پیدائش پر خراج عقیدت

   

چندرا بابو نائیڈو ، لوکیش ، بالا کرشنا اور لکشمی پاروتی این ٹی آر گھاٹ پہنچے
حیدرآباد: تلگو دیشم پارٹی کے بانی آنجہانی این ٹی راما راؤ کو یوم پیدائش کے موقع پر تلگو دیشم قائدین کی جانب سے خراج پیش کیا گیا ۔ حیدرآباد میں نکلس روڈ پر واقع این ٹی گھاٹ پر صدر قومی تلگو دیشم این چندرا بابو نائیڈو اور قومی جنرل سکریٹری نارا لوکیش کے علاوہ صدر تلنگانہ تلگو دیشم ایل رمنا نے گلہائے عقیدت پیش کئے ۔ اس موقع پر تلنگانہ اور آندھراپردیش کے کئی قائدین کے علاوہ این ٹی آر خاندان سے تعلق رکھنے والی کئی شخصیتوں نے شرکت کی ۔ فلمسٹار بالا کرشنا نے این ٹی آر گھاٹ پہنچ کر اپنے والد کو خراج پیش کیا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ این ٹی آر نے عوام کی بھلائی کے لئے نئی پارٹی قائم کی تھی ۔ انہوں نے متحدہ آندھراپردیش میں کئی غیر معمولی اسکیمات کا آغاز کرتے ہوئے دیگر ریاستوں کے لئے مثال قائم کی۔ این ٹی آر کی عوامی خدمات سے نوجوان نسل کو واقف کرانے کی ضرورت ہے تاکہ ان میں خدمت کا جذبہ پیدا ہو۔ غریبوں اور کمزور طبقات کی بھلائی کیلئے این ٹی راما راؤ کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ رکن اسمبلی این بالا کرشنا کے علاوہ این ٹی آر کی بیوہ لکشمی پاروتی اور سابق وزیر ایم نرسمہلو نے بھی این ٹی آر گھاٹ پہنچ کر گلہائے عقیدت پیش کئے ۔ نارا لوکیش اپنے کمسن بچے کے ساتھ این ٹی آر گھاٹ پر ہر کسی کی توجہ کا مرکز بناچکے تھے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے پارٹی قائدین اور کارکنوں کو عہد دلایا کہ وہ این ٹی آر کی طرح عوامی خدمات کو اپنی زندگی کا مقصد بنائیں گے۔