تلگو مجاہدین آزادی کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا: کشن ریڈی

   

جدوجہد آزادی میں تلگو عوام کا اہم رول ، نئی دہلی میں آندھرا اسوسی ایشن کی یوم آزادی تقریب سے خطاب
حیدرآباد ۔16۔اگست (سیاست نیوز) مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی نے کہا کہ ملک کی جدوجہد آزادی میں تلگو مجاہدین آزادی نے اپنی جانوں کی قربانی دی ہے اور ان کے رول کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ کشن ریڈی آندھرا اسوسی ایشن کے زیر اہتمام نئی دہلی میں منعقدہ یوم آزادی تقاریب سے خطاب کر رہے تھے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ جدوجہد آزادی میں تلگو مجاہدین آزادی کی قربانیوں کو یاد رکھا جانا چاہئے ۔ آزادی کا امرت مہا اتسو تقاریب کے دوران ہر گھر ترنگا مہم میں عوام سرکاری اور خانگی اداروں کی شمولیت کی ستائش کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ ہر شخص اور ادارہ میں حب الوطنی کا غیر معمولی مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ملک کی جدوجہد آزادی ایک عظیم تاریخ ہے، اسی طرح آندھرا اسوسی ایشن بھی اپنی منفرد تاریخ رکھتی ہے ۔ اسوسی ایشن کا قیام پروفیسر این جی رنگا ، ڈاکٹر اننت سینم اینگار ، سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر وی وینکٹ گری ، پی ٹھاوی رامیا ، کے ناگیشور راؤ کے نظریات کے مطابق 1935 ء میں عمل میں آیا ۔ ہر تلگو شخص کیلئے اس طرح کی اسوسی ایشن کی موجودگی باعث فخر ہے ۔ قومی دارالحکومت میں اسوسی ایشن کے قیام کے ذریعہ تلگو زبان ، تہذیب اور روایات کو فروغ دینے کا کام کیا جارہا ہے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ ہر کسی کو آندھرا اسوسی ایشن کی سرپرستی کرنی چاہئے ۔ انہوں نے اسوسی ایشن کی جانب سے مختلف فیسٹولس اور پروگراموں کے انعقاد کی ستائش کی ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ تلگو مجاہدین آزادی جیسے الوری سیتاراما راجو ، یو نرسمہا ریڈی ، این جی رنگا ، جی ہری سروتم ریڈی ، ٹی پرکاشم پنتولو اور دوسروں نے اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر ملک کی جدوجہد آزادی میں حصہ لیا ۔ موجودہ نسل اور آنے والی نسلوں کو مجاہدین آزادی کی قربانیوں سے واقف کرانے کی ضرورت ہے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ ہندوستان کو آئندہ 25 برسوں میں جن شعبہ جات میں ترقی کی ضرورت ہے، اس پر توجہ دی جانی چاہئے ۔ اگرچہ دنیا بھر میں معاشی انحطاط کا دور ہے لیکن مرکزی حکومت وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں عوام کو افراط زر کے اثرات سے بچانے کی مساعی کر رہی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے آندھراپردیش کے بھیما ورم میں الوری سیتاراما راجو کی 125 ویں جینتی تقاریب میں شرکت کی تھی تاکہ سارے ملک کو اس عظیم مجاہد آزادی کی خدمات سے واقف کرایا جاسکے۔ وزیراعظم نے 22 اگست کو بھیما ورم میں اس مقام کا بھی دورہ کیا جہاں الوری سیتارام راجو نے انگریزوں کے خلاف لڑائی لڑی تھی۔ یادگار کے طور پر 50 کروڑ کے صرفہ سے سرکیوٹ قائم کیا جارہا ہے۔ کشن ریڈی نے تلگو عوام سے اپیل کی کہ وہ جہاں کہیں بھی رہے ، ملک کے اتحاد اور یکجہتی کیلئے کام کریں۔ر