تلگو کی ترقی کیلئے این ٹی آر کی بے مثال قربانیاں

   

نارائن پیٹ میں آنجہانی چیف منسٹر کی برسی تقریب ، قائدین کا خطاب
نارائن پیٹ /18 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نارائن پیٹ مستقر پر این ٹی آر کی 28 ویں برسی کے موقع پر تلگودیشم پارٹی نارائن پیٹ کی جانب سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا اور ان کی تصویر پر گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے دو منٹ کی خاموشی منائی گئی اور غریبوں میں بڑے پیمانے پر طعام کا انتظام کیاگیا ۔ اس موقع پر مسٹر اوم پرکاش ، تلگودیشم پارٹی کے سینئیر قائد نے کہا کہ آنجہانی این ٹی راما راؤ ، عظیم تلگو ریاست اور تلگو عوام میں تلگو تہذیب کیلئے بے مثال قربانیاں دیں ۔ انہوں نے ساری دنیا میں تلگو زبان کی ترقی اور اس کی عظمت کو برقرار رکھنے کیلئے کئی ممالک کا دورہ کیا ۔ انہوں نے تلگو عوام کی فلاح و بہبود کیلئے تلگودیشم پارٹی کا قیام عمل میں لایا ۔ آنجہانی و عظیم قائدین جنہو ںنے ریاست میں سب سے پہلے غریبوں کیلئے دو روپئے کیلو چاول کی اسکیم کا آغاز اور منڈلوں کا قیام عمل میں لاتے ہوئے حکومت کو عوام کی دہلیز تک پہونچایا ورنہ عوام کو ہر کام کیلئے دراز ضلع مستقر کا سفر کرنا پڑتا تھا ۔ اس موقع پر تلگودیشم پارٹی قائدین ، مسرز راملو یادو ، راگھوا راؤ چودھری ، ویرنا گوڑ ، وینکٹ راملو ، گوپال یادو ، ظہیر الدین ، مہی پال ریڈی کے علاوہ پارٹی کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔