حیدرآباد ۔ 15 ۔ اپریل (سیاست نیوز) اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب ایرپورٹ پر تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے پانچ مسافرین اس وقت پھنس گئے جب ایران کے حملہ کے بعد طیاروں کو منسوخ کردیا گیا ۔ نظام آباد سے تعلق رکھنے والے سی پرکاش جو گزشتہ 6 برسوں سے تل ابیب میں مقیم ہیں، بتایا کہ طیاروں کی اچانک منسوخی سے بیرونی ممالک کے شہریوں میں تشویش پیدا ہوگئی۔ انہوں نے بتایا کہ 150 مسافرین میں 5 کا تعلق تلنگانہ سے ہے ۔ ضروری امور کی تکمیل کے دوران اسٹاف نے طیارہ کی منسوخی کی اطلاع دی۔ آرمور منڈل سے تعلق رکھنے والے 45 سالہ سی پرکاش تل ابیب کی ایک کمپنی سے وابستہ ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اسرائیل میں مقیم کئی تلگو باشندے واپسی کے بارے میں بے چین ہیں۔ اسی دوران اسرائیلی حکام نے طیاروں کی بحالی کا اعلان کیا ہے اور توقع ہے کہ تلنگانہ کے باشندے اندرون ایک ہفتہ وطن واپس ہوں گے۔ 1