تمام جماعتوں سے بات کرنے کے بعد ہی یونیفارم سول کوڈ نافذہوگا،یوگی کے سرکار کے مسلم وزیر دانش انصاری نے دیا بیان

,

   

لکھنؤ: ملک میں متنازعہ یونیفارم سول کوڈ پر بحث اورمخالفت کے درمیان اتر پردیش کے اقلیتی بہبود اور وقف امور کے وزیر مملکت دانش انصاری نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت تمام متعلق طبقات کے ساتھ بات چیت کرے گی جو یونیفارم سول کوڈ کے نفاذ کا باعث بنے گا۔ دانش انصاری نے یونیفارم سول کوڈکے معاملے کو اٹھانے سے متعلق ایک سوال پرکہاہے کہ سماج کی ترقی کے ساتھ ساتھ چیزیں بھی بدل جاتی ہیں۔ لیکن عوامی رائے ہمارے لیے سب سے اہم ہے۔ ہم تمام جماعتوں سے بات کرنے اور عوام سے پوچھنے کے بعد ہی یونیفارم سول کوڈ کی طرف بڑھیں گے۔اتر پردیش حکومت میں واحد مسلم وزیر نے کہاہے کہ ہم نچلی سطح پر جائیں گے اور لوگوں کو، خاص کر مسلم سماج کو یونیفارم سول کوڈ کے بارے میں بتائیں گے۔چوپال کے ذریعے حکومت کی نیت عوام کے سامنے رکھیں گے۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ جو کہ ملک میں مسلمانوں کی اہم تنظیم ہے، نے یکساں سول کوڈ کے خیال کو مسترد کرتے ہوئے اس کے حق میں کہی جانے والی باتوں کی مذمت کی ہے۔ بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے منگل کو ایک بیان میں کہاہے کہ اتراکھنڈ، اتر پردیش اور مرکز کی حکومتوں کی طرف سے یونیفارم سول کوڈ کی بیان بازی فضول بیان بازی کے سوا کچھ نہیں ہے۔یونیفارم سول کوڈ کا مسئلہ گزشتہ کچھ عرصے سے ملک میں زیر بحث ہے۔