توہین عدالت معاملہ ، فلمساز ویویک اگنی ہوتری کی10 اپریل کو عدالت طلبی

   

نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے جمعرات کو فلم ساز ویویک اگنی ہوتری کو ہدایت دی ہے کہ وہ اوڈیشہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ایس مرلی دھر کے خلاف اپنے ٹوئٹ کیلئے معافی مانگنے کیلئے 10 اپریل کو حاضر ہوں۔ خیال رہے کہ اگنی ہوتری نے پچھلے سال دسمبر میں اپنے ریمارکس کیلئے دہلی ہائی کورٹ سے معافی مانگی تھی۔تاہم، اگنی ہوتری کی طرف سے دلائل پیش کئے جانے کے بعد سماعت ملتوی کرتے ہوئے انہیں ہدایت دی گئی تھی کہ وہ 16 مارچ کو سماعت کے لیے ذاتی طور پر عدالت میں موجود رہیں۔ جسٹس سدھارتھ مردول اور تلونت سنگھ کی ڈویژن بنچ نے گزشتہ سماعت کو ملتوی کر دیا تھا۔اگنی ہوتری جمعرات (16 مارچ) کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ انہیں بخار ہے۔ اس کے بعد عدالت نے اس معاملے کو 10 اپریل کیلئے درج کر دیا۔اگنی ہوتری نے جج کے خلاف بیان واپس لینے اور معافی مانگنے کے لیے حلف نامہ داخل کیا تھا۔بنچ نے کہا تھا کہ ہم اگنی ہوتری کو حاضر رہنے کیلئے کہہ رہے ہیں کیونکہ انہوں نے توہین عدالت کی ہے۔ توبہ کا اظہار فقط حلف نامے سے نہیں کیا جا سکتا۔خیال رہے کہ اگنی ہوتری نے جسٹس مرلی دھر کے خلاف ٹوئٹ کرتے ہوئے ان پر تعصب کا الزام عائد کیا تھا۔اس کے بعد ڈائریکٹر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کر دی گئی تھی۔ اگنی ہوتری کے ٹوئٹس بھیما کوریگاؤں کیس میں گوتم نولکھا کو راحت دینے والے جج سے متعلق تھے۔