تہاڑ جیل میں موجود کویتا کو ایک اور دھکہ

   

خصوصی عدالت کو جیل میں کویتا سے پوچھ تاچھ کرنے کی سی بی آئی کو منظوری
حیدرآباد /5اپریل ( سیاست نیوز ) دہلی شراب اسکام کیس میں تہاڑ جیل میں رہنے والی بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا کو ایک اور دھکہ لگا ہے ۔ سی بی آئی کی خصوصی راوس ایونیو عدالت نے سی بی آئی کی دائر کردہ درخواست پر مثبت رد عمل کا اظہار کیا ہے ۔ جیل میں ہی کویتا سے پوچھ تاچھ کیلئے سی بی آئی کو منظوری دی ہے ۔ واضح رہے کہ دہلی شراب اسکام میں ای ڈی نے 15 مارچ کو کویتا کو اپنی تحویل میں لیا تھا ۔ کویتا فی الحال تہاڑ جیل میں ہے ۔ ماضی میں پوچھ تاچھ کیلئے سی بی آئی نے کویتا کو نوٹس جاری کی تھی ۔ تاہم وہ سی بی آئی کے سامنے حاضر نہیں ہوئی ۔ آئندہ ہفتہ سی بی آئی کویتا سے تہاڑ جیل میں پوچھ تاچھ کرے گی ۔ راوس ایونیو عدالت نے سی بی آئی کے عہدیداروں کو جیل میں لیاپ ٹیاپ اور اسٹیشنری لے جانے کی اجازت دی ہے ۔ ساتھ ہی عدالت نے سی بی آئی کو ہدایت دی کہ وہ ایک دن قبل تہاڑ جیل کے عہدیداروں کو اس کی اطلاع دیں ۔ کویتا سے پوچھ تاچھ کے دوران ایک خاتون کانسٹیبل کو ساتھ میں رکھیں۔ سی بی آئی کے عہدیداروں بچی بابو کے فون میں دستیاب ثبوتوں کی بنیاد پر کویتا سے پوچھ تاچھ کرتے ہوئے ان کا بیان قلمبند کریں گے ۔ عام آدمی پارٹی کو دئے گئے 100 کروڑ روپئے کے معاملے میں بھی سی بی آئی کے عہدیدار کویتا سے پوچھ تاچھ کرسکتے ہیں۔ 2