تین روزہ جنگ بندی ختم: روس کی یوکرین پر پھر فوجی کارروائی

   

ماسکو۔ 12 ؍مئی ( ایجنسیز )تین روزہ جنگ بندی ختم ہونے کے بعد روس نے یوکرین کے خلاف فوجی کارروائی دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کردیا۔روسی وزارتِ دفاع کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران 108 یوکرینی ڈرون مار گرائے گئے۔دوسری جانب یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ جنگ بندی ختم ہوتے ہی روس نے رات بھر میں 200 سے زائد ڈرون حملے کیے جن میں سے 192 کو تباہ یا ناکارہ بنا دیا گیا۔یوکرین کے وزیرِ خارجہ کے مطابق کیف نے جنگ بندی میں توسیع کی تجویز دی تھی لیکن ماسکو نے اس کے بجائے حملے شدید کر دیے۔انہوں نے کہا کہ حملوں میں 1 شخص ہلاک اور 6 زخمی ہوئے۔ رہائشی عمارتوں، توانائی تنصیبات اور ٹرانسپورٹ انفرااسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا۔روس کے دوبارہ حملوں کے بعد یوکرین میں عوام کو پھر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جوابی حملے کی صورت میں حالات مزید کشیدہ ہوسکتے ہیں۔