ڈی جی پی اور کمشنر کو نوٹس ، رپورٹ کیلئے 15 دن کی مہلت
حیدرآباد۔11 ۔اگست (سیاست نیوز) قومی کمیشن برائے پسماندہ طبقات نے جہد کار تین مار ملنا کو پولیس کی جانب سے ہراسانی کے معاملہ میں ڈائرکٹر جنرل پولیس اور کمشنر پولیس کو تحقیقات کی ہدایت دی ہے ۔ تین مار ملنا نے شکایت کی ہے کہ حکومت کی ایماء پر پولیس کی جانب سے انہیں غیر ضروری ہراساں کیا جارہا ہے ۔ کمیشن نے ڈائرکٹر جنرل پولیس اور پولیس کمشنر حیدرآباد کو ہدایت دی کہ اس معاملہ کی جانچ کریں اور ضروری کارروائی کریں۔ کمیشن نے اندرون 15 یوم رپورٹ طلب کی ہے۔ تین مار ملنا نے قومی کمیشن برائے پسماندہ طبقات سے رجوع ہوکر شکایت کی کہ مقدمات درج کرتے ہوئے پولیس انہیں طلب کر رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پولیس نے کسی نوٹس کے بغیر ان کے ٹی وی چیانل کے دفتر پر دھاوا کیا اور الیکٹرانک آلات ضبط کئے جس میں برسر اقتدار پارٹی ٹی آر ایس سے تعلق رکھنے والے قائدین کے خلاف ثبوت موجود ہے۔ تین مار ملنا کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے بی سی کمیشن کے رکن آچاریہ تلوجو نے پولیس کو اس معاملہ کی جانچ کرتے ہوئے مقررہ مدت میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ واضح رہے کہ سائبر کرائم سے تعلق رکھنے والے پولیس عہدیداروں نے حال ہی میں تین مار ملنا کے دفتر پر دھاوا کیا تھا ۔ ایک سابق خاتون ملازم کی شکایت پر یہ کارروائی کی گئی ۔ تین مار ملنا اس معاملہ میں ہائی کورٹ سے رجوع ہوچکے ہیں۔