جاریہ سال کے اواخر تک تلنگانہ میں لیدر پارکس کا قیام

   

محبوب نگر ، نلگنڈہ ، منچریال ، ناگر کرنول ، کریم نگر اور کھمم اضلاع کا انتخاب ، وزیر کے ٹی آر کی عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد۔تلنگانہ حکومت کی جانب سے 6اضلاع میں لیدر پارک کے قیام کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے تاکہ ریاست میں چرم کی صنعت کو فروغ دیا جاسکے ۔ تلنگانہ کے جن 6 اضلاع میں لیدر پارک کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے ان میں محبوب نگر‘نلگنڈہ‘ منچریال‘ ناگرکرنول ‘ کریم نگراور کھمم شامل ہیں۔حکومت کی جانب سے ان 6اضلاع میں چرم کی صنعت کے فروغ کیلئے 164 ایکڑ اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ ریاستی حکومت مرکزی ادارہ سنٹرل لیدر ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے ساتھ ان لیدر پارکس کے قیام کے سلسلہ میں معاہدہ کرچکی ہے۔ ذرائع کے مطابق ان پارکس کے قیام سے ریاست میں 3000نوجوانوں کو ملازمت حاصل ہوگی اور ریاست میں چرم کی صنعت کو فروغ کے سلسلہ میں اقدامات کی صورت میں بین الاقوامی کمپنیوں کی جانب سے بھی سرمایہ کاری کی توقع ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ملٹی نیشنل کمپنیوں کے علاوہ مقامی اور اندرون ملک کمپنیوں کو بھی لیدر پارک میں جگہ کی فراہمی کا منصوبہ ہے اور اس منصوبہ کے تحت ریاستی حکومت کی جانب سے چرم کی صنعت کے ذریعہ معیشت کو مستحکم بنانے اور نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔لیدر ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے ایس سی ‘ ایس ٹی اور بی سی اداروں کو چمڑے سے تیار کردہ جوتوں کی فروخت عمل میں لائی جاتی ہے علاوہ ازیں مختلف ادارہ جات میں تربیت حاصل کرنے والوں کے لئے بھی لیدر ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی جانب سے جوتوں کی فراہمی عمل میں لائی جاتی ہے ۔ ریاستی وزیر صنعت مسٹر کے ٹی راما راؤ نے 6منی لیدر پارکس کے قیام کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لینے کے بعد عہدیداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی منظوری کے امور کو تیزی سے انجام دیا جائے اور آئندہ سال کے اوائل میں ان پارکس میں سرگرمیوں کا آغاز کردیا جائے۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ 2020 ڈسمبر تک پارکس کی تیاری مکمل کرلی جائے تاکہ ان پارکس میں فوری سرمایہ کاری کا عمل شروع ہوسکے ۔