جاریہ سال کے اواخر تک 75 ہزار ڈبل بیڈ روم مکانات تقسیم کیلئے تیار رہیں گے

,

   

حلقہ لوک سبھا ملکاجگیری کے جائزہ اجلاس میں صاف صفائی اور سیوریج کے سست رفتار کاموں پر کے ٹی آر کی ناراضگی
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے حلقہ لوک سبھا ملکاجگیری کے ارکان اسمبلی کا اجلاس طلب کرتے ہوئے حلقہ واری اساس پر ترقیاتی و تعمیری کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ جاریہ سال کے اواخر تک 75 ہزار ڈبل بیڈ روم مکانات غریب عوام میں تقسیم کرنے کے لیے تیار ہوجائیں گے ۔ انہوں نے تمام ارکان اسمبلی کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے اسمبلی حلقوں میں تالابوں کو خوبصورت بنانے آب گیر علاقوں کو قبضے ہونے سے بچانے کے لیے سخت چوکسی اختیار کریں ۔ تعمیری و ترقیاتی کاموں میں خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے عہدیداروں سے مکمل تعاون و اشتراک کریں ۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے ارکان اسمبلی کی جانب سے پیش کردہ تجاویز پر مثبت ردعمل کا اظہار کیا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران جی ایچ ایم سی کے حدود میں بڑے پیمانے پر تعمیری و ترقیاتی کاموں میں تیزی پیدا کی گئی ۔ سڑکوں پر ٹریفک کی عدم موجودگی کا بھر پور فائدہ اٹھایا گیا ۔ سڑکوں کی تعمیرات ، بریجس اور فلائی اوورس کی تعمیرات کو بڑی حد تک مکمل کیا گیا ۔ اس مسئلہ پر عوام کا زبردست مثبت ردعمل حاصل ہوا ۔ ایس آر ڈی پی اسکیم کے تحت تعمیر کئے گئے کاموں سے کئی مقامات پر ٹریفک مسائل حل ہوئے ۔ بالخصوص ایل بی نگر چوراستہ کے طرز پر کئی علاقوں میں بڑی تبدیلیاں آئی اور اتنی ہی تیزی سے انفراسٹرکچر بھی فراہم ہوا ۔ فٹ پاتھس اور عوامی بیت الخلاؤں کی تعمیرات کا کام مسلسل جاری رہے گا ۔ صاف صفائی اور واٹر ورکس و سیوریج کے کاموں پر کے ٹی آر نے عدم اطمینان کا اظہار کیا ۔۔