جامعہ الازہر نے غزہ شہریوں کے خلافدہشت گردانہ جرائم کی مذمت کی

   

قاہرہ: قدیم ترین علمی درسگاہ الازہر الشریف نے غزہ کی پٹی میں شہریوں کے خلاف ہونے والے دہشت گردانہ جرائم کی شدید مذمت کی ہے۔عالم اسلام کے عظیم علمی مرکز نے ایک بیان میں حالیہ اسرائیلی حملوں کی مذمت کی جن کی سفاکی کی خبریں وسیع پیمانے پر پھیلی ہوئی اْن رپورٹس کے ذریعے سامنے آئیں جو ناصر اور الشفاء میڈیکل کامپلیکسز کے گرد ونواح میں سینکڑوں بچوں، عورتوں، عمر رسیدہ افراد اور طبی عملے کی لاشوں کی اجتماعی قبروں کے بارے میں تھیں۔ نیز الازہر کے بیان میں مزید کہا گیا ہیکہ اس کے علاوہ پناہ اور نقل مکانی کے مراکز، خیموں اور پوری پٹی میں رہائشی محلوں میں درجنوں نعشیں بکھری ہوئی پائی گئیں۔الازہر نے کہا کہ اس نے دنیا کے سامنے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ یہ اجتماعی قبریں اس بات کا قطعی ثبوت ہیں کہ یہ سفاکانہ مظالم اور ہولناکی اسرائیل کیلئے روزمرہ کا معمول بن چکی ہیں۔اس میں کہا گیا ہے کہ دنیا کے لوگوں کو اس طریقے سے احتجاج کرنے کیلئے متحد ہونا چاہیے جو ان جرائم کی حمایت کرنے والی حکومتوں کو روکے۔الازہر نے “دہشت گرد قابض حکومت کے خلاف بین الاقوامی سطح پر فوری قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا جو اب انسانیت کے معنی یا زندگی کے حق کو نہیں جانتی اور ہر روز نسل کشی کر رہی ہے۔