جانا ریڈی 29 مارچ کو پرچہ نامزدگی داخل کریں گے

   

27 مارچ کو کانگریس کا بڑا جلسہ عام، الیکشن کمیشن کا آج نوٹفیکیشن
حیدرآباد: ناگرجنا ساگر اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ کے سلسلہ میں کانگریس پارٹی نے اپنی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے ۔ کانگریس کے امیدوار کے جانا ریڈی 29 مارچ کو پرچہ نامزدگی داخل کریں گے ۔ اس سے پہلے 27 مارچ کو ناگرجنا ساگر میں بڑے جلسہ عام کا اہتمام کیا جارہا ہے جس میں تلنگانہ کے تمام سینئر قائدین شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ناگرجنا ساگر کے ضمنی انتخاب میں عوام مقامی قائد کو ترجیح دیں گے۔ غیر مقامی افراد کے مقابلہ سے کوئی حاصل نہیں ہے۔ جانا ریڈی نے ناگرجنا ساگر کے پارٹی کارکنوں اور قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ جمہوریت کی بقاء کیلئے مقابلہ کر رہے ہیں کیونکہ ٹی آر ایس دور حکومت میں جمہوریت کو خطرہ لاحق ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ کی تشکیل صرف کے سی آر کا کارنامہ نہیں ہے ۔ کانگریس ہائی کمان پر دباؤ بنانے میں میرا اہم رول ہے جس کے بعد حکومت نے علحدہ ریاست کی تشکیل کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ 27 مارچ کے جلسہ عام میں بھاری تعداد میں شرکت کریں۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی اور ارکان پارلیمنٹ ریونت ریڈی ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور دیگر قائدین جلسہ سے خطاب کریں گے۔ ضمنی چناؤ کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن کل 23 مارچ کو نوٹفیکیشن جاری کرے گا اور کل سے ہی پرچہ جات نامزدگی داخل کئے جاسکیں گے۔