ڈاکٹر جی چنا ریڈی اور عہدیداروں نے جاپانی ادارہ سے اشتراک پر بات چیت کی
حیدرآباد۔/27 اپریل، ( سیاست نیوز) نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ ڈاکٹر جی چنا ریڈی نے ڈائرکٹر اگریکلچر ایم گوپی آئی اے ایس اور وزیر زراعت کے او ایس ڈی وی سریدھر کے ہمراہ جاپان کے اوساکا میں نچینو ریسرچ سنٹر کا دورہ کیا۔ نچینو کا شمار دنیا کی نامور ایگرو کیمیکل کمپنیوں میں ہوتا ہے اور کمپنی نے تلنگانہ کے محکمہ زراعت کے ساتھ اشتراک سے اتفاق کیا ہے۔ کمپنی نے کھاد اور دیگر زرعی پیداوار میں استعمال ہونے والی اشیاء کی تیاری کی تفصیلات سے تلنگانہ کے وفد کو واقف کرایا۔ ڈاکٹر جی چنا ریڈی اور وفد کے ارکان نے نیچنوکمپنی کے ذمہ داروں ڈاکٹر کازوہیکو موٹابا، ڈاکٹر پرشانت اور ان کی ٹیم سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جاپان کی کمپنی کے ساتھ اشتراک کے ذریعہ تلنگانہ میں نہ صرف زرعی شعبہ کی کارکردگی بہتر ہوگی بلکہ کسانوں کو پیداوار میں اضافہ میں مدد ملے گی۔ ڈاکٹر جی چناریڈی نے جاپانی کمپنی کے عہدیداروں کو تلنگانہ میں زرعی شعبہ کی بھلائی کیلئے حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ چنا ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے انتخابی وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے کسانوں کے دو لاکھ روپئے تک کے قرضہ جات کو معاف کردیا ہے۔ کسانوں کو حکومت کی جانب سے دی گئی مراعات کے نتیجہ میں تلنگانہ ملک میں دھان کی پیداوار میں سرفہرست ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جاپان کے اداروں اور تلنگانہ حکومت کے درمیان اشتراک کو استحکام حاصل ہوگا۔1