جاپان کے سابق وزیر اعظم شنزو آبے کا قتل

,

   

انتخابی ریلی سے خطاب کے دوران حملہ ،آبے کو قریبی فاصلہ سے گولیوں کانشانہ بنایا گیا

ٹوکیو: جاپان کے سابق وزیر اعظم شنزو آبے کو آج یہاں میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس کے سابق ممبر نے گولی مار کر قتل کردیا۔ یہ حملہ ایک تقریب کے دوران ہوا جہاں ان پر دو بار گولی چلائی گئی۔ گولی لگنے کے بعد شنزو آبے زمین پر گر گئے ۔پولیس کی حراست میں ملزم کی شناخت 41 سالہ ٹیٹسوا یاماگامی کے طور پر ہوئی جو نارا شہر کارہائشی اور جاپان کی میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس کا سابق ممبر ہے جسے نیوی کے برابر سمجھا جاتا ہے ۔مقامی چینل نیشنل براڈکاسٹر این ایچ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہیکہ حملہ کے بعد 41 سالہ شخص کو گرفتار کیا گیا جس کے قبضہ سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ کیوٹو کے قریب نارا شہر میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کے دوران حملہ آور نے آبے کو قریب سے گولی مار دی، جس سے وہ نیچے گر گئے ۔ بعد میں سکیورٹی اہلکاروں کو معلوم ہوا کہ انہیں گولی ماری گئی ہے ۔ آبے کو فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق آبے کے بچنے کی کوئی امید نظر نہیں آرہے تھی لیکن انہیں بچانے کی کوششیں تقریباً چھ گھنٹے تک جاری رہی۔پولیس کے مطابق گولی شنزو آبے کی گردن میں لگی تھی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔ملک کے وزیر اعظم فومیو کشیدا اپنے سرکاری پروگرام کو منسوخ کرنے کے بعد فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور آبے کے علاج کے بارے میں معلومات لیتے رہے ۔جاپان کے سابق وزیر اعظم شنزو آبے کے مستعفی ہونے کے بعد ان کے قریبی اتحادی یوشیڈے سوگا وزیر اعظم بنے تھے جن کی جگہ بعد میں فومیو کشیڈا نے لی۔ واضح رہے کہ شنزو آبے جاپان کے سب سے طویل عرصہ تک رہنے والے وزیر اعظم ہیں جو 2006 میں ایک سال تک وزیر اعظم رہے اور پھر 2012 سے 2020 تک آّٹھ سال وزیر اعظم رہے ۔شنزو آبے نے صحت کی خرابی کی وجہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ انھوں نے بعد میں بتایا تھا کہ ان کو بڑی آنت کی ایک بیماری لاحق ہوگئی جسے السرائیٹیو کولائیٹس کہا جاتا ہے ۔

آبے کی موت ، ہندوستان کا سوگ
نئی دہلی : ہندوستان نے جاپان کے سابق وزیر اعظم شنزو آبے کی موت پر ہفتہ کو قومی سوگ کا اعلان کیا ہے ۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ شنزو آبے کیلئے ہمارے احترام میںہفتہ کو سوگ منایا جائے گا ۔
سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا اور کوئی سرکاری تقریب منعقد نہیں کی جائے گی۔ وہ مودی کے بہت قریبی دوست تھے ۔ انہوں نے وزیر اعظم رہتے ہوئے مودی کے ساتھ ان کے پارلیمانی حلقہ وارانسی کا دورہ کیا تھا اور وہاں گنگا آرتی میں بھی شرکت کی تھی۔

راہول اور منموہن سنگھ کا آبے کی موت
پر گہرے دکھ کا اظہار
نئی دہلی : کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی اور سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے جاپان کے سابق وزیر اعظم شنزو آبے کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ مسٹر گاندھی نے کہا ‘‘سابق جاپانی وزیر اعظم شنزو آبے پر، جنہوں نے ہندوستان۔جاپان تعلقات کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ہلاکت کے بارے میں سن کافی دکھ ہوا، میںان کی آتما کی شانتی کیلئے دعاگو ہوں ۔ میری ہمدردیاں ان کے خاندان کے ساتھ ہیں ۔ سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے کہا کہ میرے دوست اور جاپان کے سابق وزیر اعظم آبے کی موت سے گہرا صدمہ پہنچا۔ میں مسٹر آبے اور ان کے اہل خانہ کے لیے دعا گو ہوں، میری ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں ۔