جاپان کے ہیروشیما کیساتھ مختلف شعبہ جات میں باہمی تعاون ، تلنگانہ حکومت کی مساعی

   

چیف سکریٹری سے ہیروشیما کے وفد کی ملاقات، گلوبل سمٹ میں شرکت کی دعوت
حیدرآباد۔12 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) چیف سکریٹری سنجے جاجو نے تلنگانہ اور جاپان کے ہیروشیما کے درمیان سرمایہ کاری کے فروغ کے علاوہ صنعتی ترقی ، اسکل ڈیولپمنٹ اور روزگار کے مواقع میں باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں علاقوں کے درمیان مذکورہ شعبہ جات میں تعاون کے بہتر امکانات موجود ہیں۔ سنجے جاجو نے ہیروشیما کے سرکاری وفد سے سکریٹریٹ میں ملاقات کی اور دونوں علاقوں میں تعاون پر بات چیت کی۔ اس موقع پر وزیر لیبر ڈاکٹر ویویک وینکٹ سوامی موجود تھے ۔ چیف سکریٹری نے تلنگانہ میں ترقی کے لئے حکومت کی ترجیحات اور معاشی ترقی کیلئے حکومت کے منصوبوں سے واقف کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے کئی شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے بہتر مواقع موجود ہیں۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ کیور اربن ریجن کے تحت اربن انفراسٹرکچر کو ترقی دی جارہی ہے۔ پیور اربن ریجن میں شہر کے اطر اف کے علاقوں میں صنعتی اور معاشی ترقی کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ دیہی علاقوں پر مبنی ریر ریجن میں زرعی سرگرمیوں کے فروغ پر توجہ دی جارہی ہے ۔ آؤٹر رنگ روڈ سے دیگر علاقوں کو مربوط کرتے ہوئے صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ کیا گیا۔ انہوں نے ینگ انڈیا اسکل یونیورسٹی اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر پر مبنی ڈیٹا سنٹر کے قیام سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ 2047 تک ریاست کی معیشت کو تین ٹریلین ڈالر تک ترقی دینے کا منصوبہ ہے۔ تلنگانہ حکومت جاپان کے اداروں کے ساتھ اشتراک میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ چیف سکریٹری نے ہیروشیما کے وفد کو ڈسمبر میں منعقد ہونے والے تلنگانہ گلوبل سمٹ میں شرکت کی دعوت دی۔ گلوبل سمٹ کے ذریعہ جاپانی کمپنیوں اور تلنگانہ حکومت کے درمیان سرمایہ کاری اور دیگر شعبہ جات میں تعاون میں مدد ملے گی۔ پرنسپل سکریٹری تعلیم یوگیتا رانا ، کمشنر سیول سپلائیز اسٹیفن رویندرا ، کمشنر جی ایچ ایم سی آر وی کرنن ، مینجنگ ڈائرکٹر انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن شیشانگ اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ 1/k