کانگریس حکومت عوامی اعتماد سے محروم ، ہریش راؤ کی میڈیا سے غیر رسمی بات چیت
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے رکن اسمبلی سابق ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست میں جب بھی انتخابات ہوں گے بی آر ایس پارٹی 100 اسمبلی حلقوں پر آسانی سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ تلنگانہ بھون میں آج ہریش راؤ نے میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 10 ماہ میں کانگریس حکومت عوامی اعتماد سے محروم ہوچکی ہے ۔ سماج کا کوئی بھی طبقہ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہے ۔ اسمبلی انتخابات میں عوام سے کئے گئے ایک بھی وعدے کو ریونت ریڈی حکومت نے پورا نہیں کیا ہے ۔ بی آر ایس حکومت کے لیے 10 سال میں جو مخالف لہر شروع ہوئی تھی وہ کانگریس کے لیے 10 ماہ میں شروع ہوگئی حکومت کی ناکامیوں کو منظر عام پر لانے پر بی آر ایس کے قائدین کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرتے ہوئے خوفزدہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ مگر ان مقدمات اور پولیس ظلم و ستم سے ڈرنے گھبرانے والے نہیں ہے ۔ متحدہ آندھرا پردیش میں تلنگانہ کی تحریک چلاتے ہوئے ایسے کئی مقدمات کا ہم نے سامنا کیا ہے ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کو اپوزیشن سے زیادہ انہیں کانگریس کے سینئیر قائدین سے خطرہ ہے ۔ ریونت ریڈی کو اپنی وزارت میں توسیع کرنے کے لیے کانگریس ہائی کمان سے اجازت نہیں مل رہی ہے ۔ اقلیتی بہبود ، وزارت داخلہ ، تعلیم کے علاوہ دیگر وزارتیں مخلوعہ ہیں ۔ ڈپٹی اسپیکر اور گورنمنٹ چیف وہپ جیسے اہم عہدوں کو مخلوعہ رکھا گیا ہے ۔ ایک وزیر نے گورنر سے ملاقات کی ہے ۔ ایک اور وزیر خود کو سوشیل میڈیا میں ہونے والے چیف منسٹر کی حیثیت سے پیش کررہے ہیں ۔ جھوٹ پھیلانے کے معاملے میں چیف منسٹر کو گلوبل انعام دینا چاہئے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے کے نام پر غریب عوام کے مکانات کو منہدم کرتے ہوئے وہاں ہمہ منزلہ عمارتیں تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔ بی آر ایس پارٹی موسیٰ ندی کو ترقی دینے کے خلاف نہیں ہے ۔ غریب عوام کے مکانات منہدم کرنے کے خلاف ہے ۔۔ 2