جتنا وہ توڑیں گے،ہم اتنا ہی جوڑیں گے’، والمیکی جینتی کے موقع پر دلت برادری سے بولے کانگریس رہنما راہل گاندھی

   

والمیکی کی سالگر کے موقع پر نئی دہلی میں کانگریس ہیڈ کوارٹر 24 اکبر روڈ پر منعقدہ ایک تقریب میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ والمیکی جی نے ملک کو جینے کا راستہ دکھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہارشی والمیکی کا پیغام سماج میں محبت اور بھائی چارہ قائم کرنا تھا۔ لیکن آج معاشرے کے غریب اور پسماندہ طبقات پر حملے ہو رہے ہیں۔انہوں نے بغیر نام لئے ہی بی جے پی پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ مہارشی والمیکی کے پیغامات پر بھی حملہ کیا جا رہا ہے۔ ہمارا آئین والمیکی جی کے نظریے کا آئین ہے ، لیکن آئین بھی حملے کی زد میں ہے۔ انہوں نے کہا ، “میں دلت بھائیوں اور بہنوں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ کانگریس پارٹی ان حملوں کو روک دے گی۔ وہ جتنا ملک کو توڑیں گے ، ہم ملک کو اتنا ہی متحد کریں گے۔ جتنا وہ نفرت پھیلائیں گے ، ہم اتنا ہی زیادہ محبت اور بھائی چارے کے بارے میں بات کریں۔ “