جدہ انٹرنیشنل ایرپورٹ پر پہلے دن 40 طیاروں کی پرواز

   

ریاض۔2 جون (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ایرپورٹ کو کوئی سوا دو ماہ کے بعد دوبارہ اندرون ملک پروازوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔سعودی پریس ایجنسی کی ویب سائٹ پر شائع کی گئی تصاویر کے مطابق ایرپورٹ کا عملہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کی وضع کردہ پیشگی حفاظتی تدابیر پر دوسرے اداروں کے ساتھ تعاون سے عمل درآمد کررہا ہے۔ان حفاظتی تدابیر کے تحت ایرپورٹ پر آنے والے مسافروں اور زائرین کا تھرمل کیمروں سے معائنہ کیا جارہا ہے۔سیڑھیوں ، انتظار گاہوں اور برقی راستوں کو مصفا کرنے کے لیے جدید ٹکنالوجی کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔ ایرپورٹ پر آنے والے مسافروں اور زائرین کو یہ تلقین کی جارہی ہے کہ وہ وہاں قیام کے دوران میں سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ایرپورٹ کے ٹرمینل 1 سے اتوار کو 40 پروازوں کی آمد ورفت ہوئی ہے۔ ان میں 16 پروازیں سعودی ائرلائنز کی تھیں،12 فلائی ادیل ائرلائنز اور 12 پروازیں فلائی ناس کی تھیں۔ یہ تمام پروازیں دارالحکومت ریاض ، الدمام ، ابھا اور جازان کو روانہ ہوئی تھیں یا ان کی وہاں سے آمد ہوئی تھی۔سعودی عرب کے محکمہ شہری ہوا بازی نے گذشتہ ہفتے 31 مئی سے اندرون ملک پروازوں کی بحالی کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ فی الوقت سعودی فضائی کمپنیاں ہی اندرون ملک مختلف شہروں کے درمیان پروازیں چلائیں گی۔واضح رہے کہ سعودی عرب نے 20 مارچ کو کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے اقدامات کے تحت اندرون ملک تمام پروازیں معطل کردی تھیں اور اب انھیں دو ماہ کے بعد بحال کیا گیا ہے۔یادرہے کہ اب کئی کمپنیاں بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے پر غور کررہی ہیں۔