جدہ میں موسلادھار بارش‘اہم شاہراہیں زیر آب

   

انڈر پاس کو احتیاطا بند کردیا گیا۔مملکت میں سردی کی لہر

ریاض: سعودی عرب کے شہر جدہ میں موسلا دھار بارش سے شہر کی مرکزی شاہراہیں زیر آب آ گئیں۔ بارش کے بعد انڈر پاس کو احتیاطاً بند کر دیا گیا ہے۔تیز ہوا اور بارش سے جدہ کی بندرگاہ میں جہاز رانی وقتی طور پر معطل کر دی گئی۔ جدہ سمیت علاقہ کے دوسرے شہروں میں مزید بارش کا امکان ہے۔مکہ، جدہ اور شرقیہ سمیت مختلف علاقوں میں بارش و ژالہ باری کا امکان ہے جبکہ مکہ ریجن، مدینہ، شمالی حدود، حائل، الجوف، مشرقی ریجن، قصیم میں بھی بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔دوسری طرفسعودی محکمہ موسمیات و ماحولیات نے خبردار کیا ہے کہ مملکت میں سرد ی کی لہر کا امکان ہے۔ بعض علاقوں میں درجہ حرارت پانچ ڈگری سینٹی گریڈ تک گر جائے گا۔ میڈیا نے بتا یا کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری چارٹ کے مطابق سعودی عرب میں بھی موسم سرما کا آغاز ہو چکا ہے۔ تبوک، الجوف، شمالی حدود، حائل اور مددینہ کے شمالی علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت پانچ سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔مختلف شہروں میں بارش کے بعد درجہ حرارت میں کمی دیکھی جارہی ہے ۔محکمہ موسمیات کا مزید کہنا تھا کہ قصیم، ریاض اور مشرقی ریجن میں بھی سردی کی لہر کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے جس کے مطابق پارہ 10 سے 13 ڈگری تک پہنچے گا۔سردی کی لہر کے حوالے سے محکمہ کا کہنا ہے کہ تبوک اور شمالی علاقو ں میں رہنے والے تبدیل ہوتے ہوئے موسم کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ گرم ملبوسات کا خصوصی اہتمام کریں تاکہ یخ بستہ ہواوں سے متاثر نہ ہوں۔درجہ حرارت میں کمی، سخت سردی پڑے گی۔واضح رہے ہفتہ 21 نومبر سے مملکت کے مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے جس کے بعد جدہ سمیت دیگر ساحلی شہرو ں میں بھی موسم میں خوشگوار تبدیلی آ ئی ہے۔ساحلی شہروں میں عام طور پر سردی کی اتنی شدت نہیں ہوتی تاہم مملکت کے شمالی اور جنوبی علاقوں میں موسم سرما میں ہونے والی برف باری کی وجہ سے سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ ہو جاتا ہے۔