جرائم کی موثر جانچ میں فنگر پرنٹس کا اہم رول : انجنی کمار

   

فنگر پرنٹس یونٹ کے عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد۔/12اپریل ، ( سیاست نیوز) ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار نے ریاستی سطح کے فنگر پرنٹ بیورو عہدیداروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا۔ تلنگانہ میں فنگرپرنٹ کے 14 یونٹس کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں انجنی کمار نے کہا کہ جرائم کے مقام سے فنگر پرنٹس کلکشن سے جرائم پر قابو پانے میں مدد ملتی ہے۔ اس کے علاوہ لاوارث نعشوں کی شناخت میں فنگر پرنٹس اہم رول ادا کرتے ہیں۔ انجنی کمار نے کہا کہ جرائم کی جانچ اور ملزمین کو سزاء میں فنگر پرنٹس بیورو کی کارکردگی کا اہم رول ہوتا ہے۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل سی آئی ڈی مہیش بھگوت کی قیادت میں فنگر پرنٹ بیورو کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے انجنی کمار نے کہا کہ فنگر پرنٹس کسی بھی مقدمہ میں اہم ثبوت کی طرح ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 5 فنگر پرنٹ یونٹس کے عہدیداروں کو بہتر کارکردگی پر اعزازات سے نوازا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پانچ نئے زون حیدرآباد، رچہ کنڈہ اور سائبرآباد کے علاوہ ملگ میں تشکیل دیئے گئے ہیں۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیش بھاگوت نے فنگر پرنٹس یونٹ کی بہترکارکردگی کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ عنقریب 6 نئی کلوز ٹیموں کو ٹریننگ کے ذریعہ تشکیل دیا جائے گا۔ انہوں نے فنگر پرنٹس یونٹ کے عہدیداروں سے ان کے مسائل پر بات چیت کی۔ ایم نارائنا (آئی پی ایس) ایس پی ایڈمنسٹریشن سی آئی ڈی، تاتا راؤ فنگر پرنٹس بیورو ڈائرکٹر، نند کمار ڈی ایس پی فنگر پرنٹ رچہ کنڈہ اور دیگر عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔ر