جرمنی کے شہر زیگن میں چاقو حملہ، پانچ افراد زخمی

   

برلن : مغربی جرمن شہر زیگن میں جمعہ کی شام ایک بس میں ہوئے چاقو حملہ میں پانچ افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے تین کی حالت تشویش ناک ہے۔ پولیس کے مطابق مشتبہ حملہ آور ایک 32 سالہ خاتون ہے، جسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ کے وقت اس بس پر چالیس افراد سوار تھے اور یہ واقعہ کولون شہر سے 75 کلومیٹر دور واقع شہر زیگن میں پیش آیا، جہاں یہ بس سٹی فیسٹیول میں شرکت کے لیے ان مسافروں کو لیے جا رہی تھی۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ شام سات بج کر چالیس منٹ پر پیش آیا، جب کہ متعدد مسافروں کی جانب سے پولیس کو مطلع کرنے پر مشتبہ حملہ آور خاتون کو حراست میں لیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ خاتون جرمن شہریت کی حامل ہے۔ پولیس کے مطابق اس حملہ کے پس پردہ مقاصد تو واضح نہیں، تاہم اس کے دہشت گردانہ واقعہ ہونے کے اشارے نہیں ملے ہیں۔ جرمن اخبار بلڈ کے مطابق مشتبہ حملہ آور ذہنی مسائل کی شکار خاتون ہے۔ واضح رہے کہ یہ واقعہ زولنگن شہر میں ایک ہفتہ قبل دہشت گردانہ حملے کے ایک ہفتہ بعد پیش آیا ہے۔ زولنگن شہر میں ایک فیسٹیول کے دوران ایک حملہ آور نے چاقو کے وار کر کے تین افراد کو ہلاک جب کہ دیگر آٹھ کو زخمی کر دیا تھا۔