جرمنی کے شہر ہیگن کی جامع مسجد نذر آتش ، شدید نقصان

,

   

’’یوروپی مسلمانوں کو اپنے مذہب پر چلنے سے نہیں روکا جاسکتا‘‘: امام مسجد
کولون ۔ ہیگن ۔ (جرمنی) /26 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایک نامعلوم شخص نے ہیگن کی مسجد میں آگ لگاکر اسے شدید نقصان پہنچادیا لیکن اس آتش زنی کے واقعہ میں کسی کے مرنے کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ یہ بات مسجد کے امام نے ہفتہ کو بتائی ۔ ہیگن کی اِس جامع مسجد کی سوسائیٹی کے امام عمر اورل نے اناڈونو ایجنسی کو بتایا کہ مسجد کو نذر آتش کرنے کا یہ واقعہ صبح 10 بجے پیش آیا ۔ آتش زن نے مسجد کے باہر کوڑا دان کو اور بعض کارٹونوں کو آگ لگادی جس سے مسجد کو بہت زیادہ نقصان پہنچ گیا اور اس نے آتش زنی کے اس واقعہ میں کسی جانی نقصان کے نہ ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ مسجد کے باب الداخلہ کو بہت نقصان پہنچا ۔ آگ لگنے کے بعد مسجد میں دھنواں اور دھند چھاگئی اور مسجد کا اندرونی تمام فرنیچر تباہ ہوگیا ۔ انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کا جائزہ لیا اور مشتبہ شخص کو اپنی جیب سے کوئی چیز کھینچ کر مسجد کے باب الداخلہ پر لگاتے ہوئے دیکھا گیا اس کے ٹھیک بعد وہاں آگ بھڑک اٹھی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم جن لوگوں کے درمیان رہتے ہیں ان کے پاس جانا چاہیے اور اپنے عقیدے کے بارے میں انہیں بتانے کا نیک کام کرنا چاہئیے اور اس نے یہ بھی کہا کہ اس قسم کے حملے یوروپی مسلمانوں کو اپنے دین پر چلنے سے نہیں روک سکتے ۔ اس جامع مسجد کا تعلق اسلامک کمیونٹی نیشنل ویوو سے ہے جو ترک مسلمانوں کی اس جرمنی کی سب سے بڑی تنظیم ہے ۔