جرنلسٹس ہیلت انشورنس، رہائشی مکانات کیلئے بہت جلد اقدامات

   

سنگاریڈی میں ٹی یو ڈبلیو جے کے ضلعی کانفرنس سے وزیر صحت ڈی نرسمہا کا خطاب، صحافیوں کی خدمات کی ستائش

l صحافیوں کو ریلوے پاس کا مسئلہ آئندہ پارلیمانی اجلاس میں اُٹھایا جائے گا: رگھونندن راؤ
l صحافیوں کے دیرینہ مسائل کو فوری حل کیا جائے: ایم اے قادر فیصل ، یادگیری و دیگر جرنلسٹس

سنگاریڈی 9 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ یونین آف ورکنگ جرنلسٹس یونین (ٹی یو ڈبلیو جے) ضلع سنگاریڈی کی ضلعی کانفرنس ٹی این جی اوز بھون سنگاریڈی میں ریاستی نائب صدر ایم اے قادر فیصل کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صحافیوں کو درپیش مسائل، خصوصاً ہیلتھ انشورنس، ہیلتھ کارڈ، ڈبل بیڈ روم مکانات، رہائشی پلاٹس، اکریڈیٹیشن کارڈس اور ریلوے پاس جیسے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ریاستی صدر وراحت علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کے لیے ہیلتھ انشورنس نہایت اہم مسئلہ ہے کیونکہ ریاست میں اب تک تقریباً 750 صحافی انتقال کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے علاج و معالجے کے لیے ہیلتھ انشورنس اور ہیلتھ کارڈ کا اجراء وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کے لیے فوری طور پر ہیلتھ انشورنس پالیسی نافذ کی جائے۔ ٹی یو ڈبلیو جے ریاست کی سب سے بڑی صحافتی تنظیم ہے جو ہمیشہ صحافیوں کے حقوق اور مسائل کے حل کے لیے سرگرم رہی ہے۔ اجلاس میں مہمانِ خصوصی ریاستی وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے کہا کہ آزادی کے بعد سے آج تک صحافی قلم اور کاغذ کے ذریعے عوام میں شعور بیدار کرتے ہوئے سماجی اصلاح اور ظلم کے خلاف انقلاب کا نقیب بنے ہیں۔ عوام تک درست معلومات پہنچانے اور عوامی مسائل حکومت تک منتقل کرنے میں اہم کردار ادا کرتے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحافیوں کے مسائل سے واقف ہے اور ٹی یو ڈبلیو جے کے عہدیداران کے ساتھ جلد اجلاس منعقد کرکے جرنلسٹس ہیلتھ کارڈ کے مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے گا تاکہ صحافی آسانی سے علاج کی سہولت حاصل کر سکیں۔ وزیر صحت نے مزید کہا کہ تعلیم اور صحت ہر خاندان کی بنیادی ضرورت ہیں، جبکہ ڈبل بیڈ روم مکانات کے مسئلے کے حل کے لیے بھی حکومت جلد عملی اقدامات کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع سنگاریڈی میں ٹی یو ڈبلیو جے کی نمائندگی پر متعدد مریضوں کے علاج کے لیے سرکاری اسپتالوں کو ہدایات جاری کی جا چکی ہیں اور ضلع کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ رکن پارلیمنٹ میدک رگھو نندن راؤ نے کہا کہ صحافیوں کے ریلوے پاس کے مسئلے کو آئندہ پارلیمانی اجلاس میں اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ صحافیوں کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں اور ان کے حل کے لیے حکومت کی توجہ مبذول کراتے رہیں گے۔ ریاستی نائب صدر ایم اے قادر فیصل نے کہا کہ صحافی صحت کے مسائل سے دوچار ہیں، اس لیے فوری طور پر ہیلتھ کارڈ جاری کیے جائیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جن صحافیوں کو رہائشی پلاٹس، ڈبل بیڈ روم مکانات اور اکریڈیشن کارڈز نہیں ملے، انہیں بلا تاخیر فراہم کیے جائیں۔ ضلع صدر یادگیری نے بتایا کہ اکریڈیشن کارڈز کے اجراء کے سلسلے میں ضلع کلکٹر سے دوسری میٹنگ میں نمائندگی کی جا چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے علاج کے لیے ہیلتھ کارڈ کا اجراء انتہائی ضروری ہے۔ ضلع جنرل سکریٹری وشنو نے اجلاس کی کارروائی پیش کرتے ہوئے کہا کہ ٹی یو ڈبلیو جے ضلع بھر میں صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے اور آئندہ بھی صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ بی یاد گری ضلع صدر، رام ناراینا اسٹیٹ جنرل سکریٹری، وشنو پرساد، ضلع جنرل سکریٹری نے مخاطب کیا۔ مسعود امتیاز احمد خان، ایم اے متین، محمد صدیق، عبدالرحمٰن اکمل، محمد حاجی، محمد منھاج، ستار خان، شمسالدین، محبوب غوری، محمد طیب علی، محمد رفیع، محمد مبین احمد، شیخ زاہد علی، محمد وسیم غوری، محمد مجاہد، اختر حسین، محمد حسیب پٹیل، ایم اے ستار، محمد نذیر کے علاوہ ضلع کی 400 سے زائد جرنلسٹس موجود تھے۔ ضلعی کانفرنس کی کامیابی پر ایم اے قادر فیصل نے تمام صحافیوں سے اظہار تشکر کیا۔ اجلاس میں ٹی یو ڈبلیو جے ضلع سنگاریڈی یونٹ کی جدید کمیٹی کا انتخاب عمل میں آیا۔