جس وقت ملک پلوامہ میں ہوئے جوانوں کی شہادت کا غم منا رہا تھا، اسی وقت وزیر اعظم اپنی تشہیر کے لیے فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھے- کانگریس ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا

,

   

جموں و کشمیر کے پلوامہ میں ہوئے دہشت گردانہ حملہ کے تعلق سے جمعرات کے روز کانگریس نے پی ایم نریندر مودی پر براہ راست حملہ کیا۔ کانگریس ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے ایک پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا کہ جس وقت ملک پلوامہ میں ہوئے جوانوں کی شہادت کا غم منا رہا تھا، اسی وقت وزیر اعظم اپنی تشہیر کے لیے فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھے۔

کانگریس کی جانب سے الزام عائد کیا گیا کہ جب ملک شہیدوں کی لاشوں کے ٹکڑے چن رہا تھا، پی ایم مودی ’نوکا وِہار‘ (کشتی کی سواری) کر رہے تھے۔ کانگریس ترجمان رندیپ سرجے والا نے کہا کہ بحران کے اس وقت میں کانگریس اور پورا ملک فوج اور شہیدوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس ترجمان نے کہا کہ ’’پی ایم نریندر مودی کے لیے اقتدار کا لالچ ملک کی فوج اور شہیدوں کے وقار سے کہیں بڑا ہے۔ شہیدوں اور شہادت کی بے عزتی کی جو مثال مودی جی نے پیش کی ہے وہ پوری دنیا میں دکھائی نہیں پڑتی۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’جب پورا ملک پلوامہ میں ہمارے شہیدوں کی شہادت کے صدمے میں ڈوبا تھا تب پی ایم مودی جی رام نگر نینی تال میں کاربیٹ نیشنل پارک میں اپنی تشہیر والی فلم کی شوٹنگ کر رہے تھے۔‘‘

پلوامہ حملہ میں شہید ہونے والے جوانوں کی قربانی پر قومی غم کا اعلان نہ کیے جانے پر بھی سرجے والا نے پی ایم مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’اس دردناک پلوامہ حملے کے بعد پی ایم مودی نے قومی غم کا اعلان نہیں کیا۔ ایسا اس لیے ہوا تاکہ سرکاری خزانے سے پی ایم مودی کے افتتاح پر جو سیاسی اجلاس ہو رہے ہیں، وہ رُک نہ جائیں۔‘‘ کانگریس ترجمان نے اس بات کے لیے بھی ناراضگی ظاہر کی کہ 16 فروری 2019 کو شہیدوں کے تابوت دہلی ائیر پورٹ پر تھے لیکن پی ایم جی جھانسی سے ایک گھنٹہ تاخیر پہنچے کیونکہ وہ سیاست کرنے میں مصروف تھے۔ انھوں نے کہا کہ پی ایم پہلے اپنی رہائش پر گئے پھر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے ائیر پورٹ گئے۔

سرجے والا نے بی جے پی پر حملہ آور ہوتے ہوئے واضح لفظوں میں یہ بھی کہہ دیا کہ ’’اقتدار کی بھوک میں مودی حکومت انسانیت اور شہادت کو پیچھے چھوڑ چکی ہے۔ بی جے پی صدر امت شاہ نے کانگریس پارٹی کے خلاف شعلہ انگیز بیان دے کر سستی سیاست کا کھیل کھیلا۔ 17 فروری کو ایک ریلی میں امت شاہ نے کہہ دیا کہ پلوامہ کے شہیدوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی کیونکہ مرکز میں کانگریس کی نہیں بلکہ بی جے پی کی حکومت ہے۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’امت شاہ شاید بھول گئے ہیں کہ پاکستان کو ہر بار دھول چٹانے کا کام کانگریس نے کیا۔‘‘