جعلی ڈومیسائل سرٹیفکیٹ اجرا کرنے کے الزام میں3 افراد کے خلاف مقدمہ درج

   

جموں : پولیس نے جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں ایک روہنگیا خاتون کو ڈومیسائل سرٹیفیکٹ جاری کرنے کے الزام میں تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے ۔ایس ایس پی کشتواڑ خلیل پوسوال نے اس سلسلے میں میڈیا کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ کشتواڑ کے دچھن پولیس اسٹیشن کے حدود میں آنے والے علاقے میں کچھ روہنگیا افراد رہتے ہیں جن کی خواتین نے مقامی لوگوں کے ساتھ شادی کی ہے اور اب بچوں کے ساتھ رہ رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک روہنگیا خاتون کے شوہر نے انتظامیہ کو گمراہ کرکے اپنی بیوی کے لئے ڈومیسائل سرٹیفکیٹ بنایا جو جعلی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن دچھن میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔