جموں وکشمیر کے دو اضلاع میں 4g انٹرنیٹ بحال، باقی اضلاع میں 2gخدمات بدستور جاری

,

   

جموں وکشمیر کے دو اضلاع میں 4g انٹرنیٹ بحال، باقی اضلاع میں 2gخدمات بدستور جاری

 

جموں، 17 آگست(سیاست نیوز) 

 

مرکزی زیر انتظام علاقہ جموں وکشمیر کے دو اضلاع گاندربل اور ادھم پور میں اتوار کی رات ایک سال سے زائد مدت کے بعد 4g سروس بحال کردی گئی ہے، باقی 18 اضلاع میں ابھی 2جی سروس ہی چل رہی ہے۔ 

جموں وکشمیر کے محکمہ داخلہ سے ملی اطلاع کے مطابق اتوار کی رات نو بجے 4جی خدمات بحال کی گئی ہیں، محکمہ کے مطابق اگلے احکامات تک 2 جی خدمات جاری رہے گی۔ 

 

واضح رہے کہ سال گزشتہ 5 آگست کے دن دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد جموں وکشمیر کی خودمختار حیثیت ختم کردی تھی، اور اسے مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں میں تقسیم کردیا تھا، اور اس علاقہ میں انٹرنیٹ پر پابندی عائد کردی تھی۔ 

مرکزی حکومت نے گزشتہ ہفتے عدالت عظمیٰ کو بتایا تھا کہ جموں و کشمیر کے دو اضلاع میں 15 اگست کے بعد 4 جی انٹرنیٹ تجرباتی طور پر بحال کی جائیں گی اور صورتحال بہتر رہنے کی صورت میں باقی اضلاع میں فور جی انٹرنیٹ مرحلہ وار طریقے سے بحال کیا جائے گا۔

 

اٹارنی جنرل کے کے وینو گوپال نے عدالت میں میں دعویٰ کیا تھا کہ جموں و کشمیر میں انٹرنیٹ پر پابندی سے نہ تو کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج پر کوئی اثر پڑا ہے اور نہ ہی تعلیمی اور تجارتی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔ 

 

 انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ کشمیر میں سیکورٹی کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر موبائل فونز پر فور جی انٹرنیٹ کی بحالی کے لئے ماحول سازگار نہیں ہے۔

 

اس سے پہلے سپریم کورٹ نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے کہا تھا کہ وہ مخصوص علاقوں میں فورجی سرویس کی بحالی کے بارے میں جائزہ لیں۔