جم میں ممنوعہ ادویات کی فروختگی ، مالک کے بشمول

   

دو افراد گرفتاربڑی مقدار میں ادویات ضبط
حیدرآباد : /30 اگست (سیاست نیوز) باڈی بلڈنگ کیلئے جم میں ممنوعہ ادویات کو فروخت کرنے والے دو افراد بشمول جم کے مالک کو سائبر آباد پولیس نے گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے بڑی مقدار میں ممنوعہ ادویات کو ضبط کرلیا ۔ اسپیشل آپریشن ٹیم مادھاپور زون اور کلور پولیس نے اینٹی ڈرگ اسکوائیڈ کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 33 سالہ احمد بن عبدالقدیر ساکن احمد نگر چندرائن گٹہ اور 27 سالہ ابراہیم ساکن ملاپور آر سی آئی کوکلور علاقہ سے گرفتار کرلیا ۔ احمد بن عبدالقدیر چندرائن گٹہ علاقہ میں واقع ایک جم کا مالک بتایا گیا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ 2 گرفتار افراد کے قبضہ سے 66 اقسام کی تقریباً 10 لاکھ مالیتی ادویات کو ضبط کیا گیا جو جم میں ورزش کیلئے آنے والے نوجوانوں کو فروخت کرتے تھے ۔ تین ہزار روپئے والی ادویات کو 10 تا 14 ہزار روپئے میں فروخت کیا جارہا تھا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جم کی مقبولیت اور نوجوانوں کی جسمانی کیفیت کو بدلنے کیلئے ان ادویات کا استعمال کیا جاتا ہے جس کے استعمال سے انسانی صحت پر کافی مضر اثرات مرتب ہوئے ہیں ۔ پولیس عہدیداروں کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں ورزش کے دوران قلب پر حملہ کے سبب پیش آئی اموات میں ان ادویات کا بھی بڑا رول ظاہر ہورہا ہے ۔ کم وقت میں جسمانی کیفیت کو بدلنے اور بلڈر ظاہر ہونے کی دوڑ میں نوجوان ان ادویات کا استعمال کررہے ہیں ۔ جن ادویات کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے ۔ باوجود اس کے ان ادویات کو جم کے اندر فروخت کیا جانے لگا ہے ۔ ایک خفیہ اطلاع پر ایس او ٹی مادھاپور زون پولیس نے کلور پولیس اور اینٹی ڈرگ اسکوائیڈ کے ذریعہ اس ریاکٹ کو بے نقاب کیا ۔ ع