جناب جابر پٹیل کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد شریک

   

حیدرآباد۔13۔مارچ(سیاست نیوز) جناب جابر پٹیل ولد صابر پٹیل صدر مینگو گروورس اسوسیشن کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر شاہی مسجد باغ عامہ میں ادا کی گئی اور بعد ازاں تدفین قدیم قبرستان جمالی کنٹہ میں عمل میں آئی۔ جناب جابر پٹیل کا گذشتہ شب قلب پر شدید حملہ کے سبب اچانک انتقال ہوگیا تھا اور ان کے انتقال کی خبر چند ہی منٹوں میں دنیا بھر میں پھیل گئی اور دنیا کے مختلف ممالک میں موجود حیدرآباد یوں کی جانب سے اس خبر کی توثیق کے لئے فون کالس موصول ہورہے تھے ۔ مرحوم کی نماز جنازہ آج شاہی مسجد باغ عامہ میں ہزاروں افراد کی موجودگی میں ادا کی گئی ۔ نماز جنازہ میں شریک سرکردہ شخصیات میں مولانا غلام سید افضل بیابانی صدرنشین تلنگانہ ریاستی حج کمیٹی ‘ جناب سید عظمت اللہ حسینی صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ ‘ جناب عبید اللہ کوتوال‘ جناب محمد علی شبیر مشیربرائے محکمہ ایس سی ‘ ایس ٹی ‘ بی سی اور اقلیتی بہبود ‘ جناب اورہان یلمان اوکان قونصل جنرل ترکی متعینہ حیدرآباد‘ جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست ‘جناب محمد فاروق حسین‘ جناب محمد اظہر الدین ‘ جناب حامد محمد خان جماعت اسلامی ‘ جناب سید خواجہ معین الدین سی ای او وقف بورڈ ‘ جناب عتیق صدیقی خرم‘ جناب مظفر اللہ خان شفاعت ‘ جناب امجد اللہ خان خالدکے علاوہ جناب خلیق الرحمن‘ جناب طارق انصاری صدرنشین اقلیتی کمیشن‘ جناب علی مسقطی، جناب علی بن سعید الگوتمی اور دیگر موجود تھے۔ جابر پٹیل کے پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو فرزندان ایک دختر شامل ہیں۔ مرحوم کی تدفین کے موقع پر سینکڑوں افراد قبرستان میں موجود تھے ۔ فاتحہ سیوم 15 مارچ بروز جمعہ بعد نماز عصر شاہی مسجد باغ عامہ میں مقرر ہے۔