نکاح نامہ میں اردو کے ساتھ انگریزی کو شامل کرنے سے اتفاق، نئی پرنٹنگ میں تبدیلی کرنے عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد ۔11۔ اکتوبر (سیاست نیوز) جناب عامر علی خاں رکن قانون ساز کونسل کی نمائندگی پر تلنگانہ وقف بورڈ نے نکاح نامہ میں اردو کے ساتھ انگریزی کو شامل کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ جناب عامر علی خاں نے صدرنشین وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے عوام کی جانب سے موصولہ نمائندگیوں کا حوالہ دیا اور کہا کہ بیرونی ممالک میں مقیم افراد کو ویزا ، پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات کے حصول کیلئے نکاح نامہ کی نقل پیش کرنی ضروری ہے۔ وقف بورڈ کا نکاح نامہ صرف اردو میں ہے جس کے نتیجہ میں غیر اردو داں افراد کو دشواریوں کا سامنا ہے ۔ انہوں نے صدرنشین وقف بورڈ سے خواہش کی کہ نکاح نامہ میں اردو کے ساتھ انگریزی کو شامل کیا جائے تاکہ اہم سرکاری امور کی تکمیل میں آسانی ہو۔ صدرنشین وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی نے جناب عامر علی خاں کو یقین دلایا کہ وقف بورڈ کے نکاح نامہ کی آئندہ پرنٹنگ میں اردو کے ساتھ انگریزی کو شامل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پرنٹ شدہ نکاح ناموں کی تکمیل کے بعد نئی پرنٹنگ میں ضروری امور انگریزی میں شامل کرنے کی ہدایت دی جائے گی۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کہا کہ نکاح نامہ کی تمام تر تفصیلات اردو زبان میں ہونے سے عوام کو سرکاری امور کی تکمیل کے وقت انگریزی ترجمہ پیش کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نکاح نامہ کی آئندہ پرنٹنگ میں انگریزی کے صفحہ کا اضافہ کیا جائے گا جس میں عاقدین کے نام اور دیگر تفصیلات انگریزی میں درج کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی ممالک میں مقیم افراد کے مسائل کے سلسلہ میں جناب عامر علی خاں نے بروقت توجہ دلائی ہے اور وقف بورڈ اس سلسلہ میں مثبت قدم اٹھاتے ہوئے نکاح نامہ میں انگریزی کو شامل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں جلد ہی عہدیداروں سے مشاورت کرتے ہوئے انگریزی کے صفحہ کو ترتیب دیا جائے گا۔ 1