جناسینا، تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کرے گی : پون کلیان

   

حیدرآباد ۔ 21 مئی (سیاست نیوز) فلمی اداکار سے سیاستدان بن جانے والے پون کلیان نے کل کہا کہ جناسینا پارٹی تلنگانہ میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی ریاست تلنگانہ میں 20 فیصد اسمبلی حلقہ جات سے اپنے امیدواروں کو انتخابی میدان میں اتار سکتی ہے لیکن اس سے متعلق قطعی فیصلہ یا دیگر جماعتوں کے ساتھ اتحاد کے بارے میں فیصلہ پارٹی میں تبادلہ خیال کرنے کے بعد کیا جائے گا۔ تاہم انہوں نے صاف کہا کہ جنا سینا پارٹی تلنگانہ میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں نشستوں کی ایک محدود تعداد پر مقابلہ کرے گی۔ وہ ضلع نلگنڈہ ایک سڑک حادثہ میں حال میں فوت ہونے والے ایک پارٹی ورکر کے خاندان کو 5 لاکھ روپئے کا چیک حوالہ کرنے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے۔ تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات آئندہ سال منعقد ہونے والے ہیں۔ پون کلیان نے کہا کہ جناسینا پارٹی اب تلنگانہ پر توجہ دے گی۔ پارٹی قائدین عوام کے مسائل کے بارے میں واقفیت حاصل کرنے کیلئے ہر حلقہ اسمبلی کاد ورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر ماہ تلنگانہ کا دورہ کرنے کیلئے کچھ وقت نکالنے کی کوشش کریں گے۔ تلنگانہ کے مسائل پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے حیدرآباد میں ایک آفس قائم کیا جائے گا۔