جنوبی لبنان میں اسرائیلی بمباری سے 11 افراد ہلاک

   

بیروت: امریکی ذمہ داران نے جنوبی لبنان میں اسرائیلی اقدامات پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے واضح کیا کہ اسرائیلی حکام ایک “خطر ناک کھیل” کھیل رہے ہیں۔ یہ بات خبروں سے متعلق امریکی ویب سائٹ axios نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتائی۔ایک امریکی ذمے دار نے ویب سائٹ کو بتایا کہ “واشنگٹن نے اسرائیل کے تصرفات پر اپنی تشویش کا خفیہ اظہار کیا ہے۔ ویب سائٹ کے مطابق اسرائیل اور لبنان کے نمائندوں نے وائٹ ہاؤس کو آگاہ کیا ہے کہ سرحد پر حالیہ کشیدگی کے باوجود وہ فائر بندی معاہدے کے پابند ہیں۔اسرائیلی فوج کے چیف آف اسٹاف ہرتزی ہیلفی نے کل پیر کے روز شمالی کمان کے صدر مرکز میں منعقد اجلاس میں باور کرایا تھا کہ اسرائیلی فوج حزب اللہ کی جانب سے فائر بندی کی کھلی خلاف ورزی کا بھرپور جواب دے گی۔دوسری جانب اسرائیل نے پیر کی شام جنوبی لبنان پر فضائی حملے کیے جن کے نتیجہ میں 9 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہو گئے۔ کارروائی میں حاریص اور طلوسہ کے قصبوں پر بمباری کی گئی۔ اس سے چند گھنٹے قبل حزب اللہ نے کفرشوبا کے ٹیلوں میں اسرائیلی فوج کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا تھا۔ یہ بات لبنان کے سرکاری میڈیا نے آج منگل کی صبح بتائی۔اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے حزب اللہ کی بم باری پر طاقت کے ساتھ جواب دینے کی دھمکی دی ہے۔ انھوں نے یہ بات سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” پر ایک پوسٹ میں کہی۔اس سے قبل پیر کو لبنانی حکام نے بتایا تھا کہ جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملوں میں دو مزید افراد ہلاک ہو گئے۔ اس طرح پیر کے روز مرنے والوں کی تعداد 11 ہو گئی۔