جنوب کی 4 ریاستیں منریگا کے غلط استعمال میں سرفہرست

   

حیدرآباد۔ 3 اگسٹ (پریس نوٹ) جنوب کی 4 ریاستوں آندھرا پردیش، تاملناڈو، کرناٹک اور تلنگانہ میں مہاتما گاندھی نیشنل رورل امپاورمنٹ گیارنٹی اسکیم (منریگا) پر عمل آوری میں مالی بے قاعدگیوں کے سب سے زیادہ کیسیس ہونے کی رپورٹ ہے۔ مملکتی وزیر دیہی ترقی سادھوی نرنجن جیوتی کے مطابق ملک بھر میں ایسے 4.92 لاکھ کیسیس رپورٹ کئے گئے ہیں جن میں 4.18 لاکھ کیسیس ان 4 ریاستوں کے ہیں۔ آندھرا پردیش اور تاملناڈو میں سب سے زیادہ 1.59 لاکھ کیسیس درج کئے گئے ہیں جبکہ کرناٹک میں 59,290 کیسیس اور تلنگانہ میں 40,562 کیسیس درج کئے گئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں مملکتی وزیر دیہی ترقیات نے پارلیمنٹ میں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ آندھرا پردیش میں مالی بے قاعدگیوں کی رقم 337.43 کروڑ روپے، تاملناڈو میں 246.22 کروڑ، کرناٹک میں 184.17 کروڑ روپے اور تلنگانہ میں 85.38 کروڑ روپے کی بے قاعدگی ہوئی ہے۔