جنگ بندی کی خلاف ورزی، پاکستان کو سخت جواب دینے کی ضرورت: کانگریس

   

جموں 27 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے لائن آف کنٹرول پر پاکستان کی طرف سے مسلسل جنگ بندی کی خلاف ورزی کی مذمت کرتے ہوئے پڑوسی ملک کو منہ توڑ جواب دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ دو سرحدی اضلاع پونچھ اور راجوڑی میں لائن آف کنٹرول پر پاکستان کی جانب سے مورتار شلباری اور فائرنگ کے نتیجہ میں 17 اگسٹ سے تاحال تین سپاہی اور ایک سیویلین ہلاک ہوئے ہیں۔ دیگر چار سپاہی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان اعلیٰ رویندر شرما نے اپنے بیان میں کہاکہ ’راجوری اور پونچھ کے مختلف علاقوں میں پاکستان کی طرف سے سرحد پار شلباری و فائرنگ کے واقعات گہری تشویش کا باعث ہیں‘۔ اُنھوں نے کہاکہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران سرحد پار سے فائرنگ و شلباری کے واقعات میں شدت پیدا ہوئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سرحد پار سے فائرنگ اور دراندازی اور پاکستانی شرپسندی کے دیگر واقعات کا مؤثر اور منہ توڑ جواب دیا جانا چاہئے۔