جنید خان کو خارج کرنے پر تنقید

   

جوہانسبرگ ۔11 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقہ کے خلاف ونڈے سیریز کیلئے پاکستان ٹیم کے انتخاب پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں اور یہ سوالات جنید خان کو ٹیم میں نہ شامل کئے جانے پر اٹھایا جارہا ہے۔ دراصل پاکستان کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے جنید خان کو ٹیم میں شامل نہ کئے جانے کی وجہ ان کی فٹنس کو قرار دیا جبکہ جلد ہی جنید خان بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں کھیلتے ہوئے نظر آنے والے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی نے فاسٹ بولر جنید خان کو بی پی ایل میں کھیلنے کی اجازت دیدی ہے۔ اس کے بعد سے ہی اب سوالات اٹھائے جارہے ہیں جنید خان اگر فٹ نہیں ہیں اور فٹنس کیلئے ان کو مزید وقت کی ضرورت ہے تو پھر بی پی ایل میں ان کو کھیلنے کی اجازت کیسے دیدی گئی۔ خیال رہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ونڈے سیریز کے لیے خارج کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے جنید خان کو مزید محنت کا مشورہ دیا تھا۔ متحدہ عرب امارات میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے دوران پیش آنے والے فٹنس مسائل کے بعد جنید خان کو ردھم میں آنے کے لئے مزید محنت کی ضرورت ہے۔یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف جنید نے عامر کے مقام پر ٹیم میں شامل کرنے پر بہتر بولنگ کا مظاہرہ کیا تھا۔