بیجنگ : چین کے صدر شی جن پنگ نے امریکہ کے ساتھ جاری تجارتی جنگ کے دوران امریکہ اور چین کے درمیان ٹیکنالوجی کے فرق کو ختم کرنے پر زور دیا ہے۔ چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق، شی جن پنگ نے پولیٹ بیورو کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں چین اور امریکہ کے درمیان موجود ٹیکنالوجی کے فرق کو پہچاننا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ چین میں تکنیکی جدت طرازی، صنعتی ترقی اور اے آئی پر مبنی ایپلی کیشنز کو جامع طور پر آگے بڑھانے کیلیے اپنی کوششوں کو تیز کرنا چاہیے۔ شی جن پنگ نے اے آئی سسٹمز بنانے کے ساتھ ساتھ ان کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لئے تیز تر قانون سازی اور ریگولیٹری فریم ورک تیار کرنے پر بھی زور دیا۔ یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز پر چین نے ٹیکنالوجی کی اپنی موجودہ صلاحیتوں کی مدد سے ہی اے آئی پر مبنی ایپلی کیشن ’ڈیپ سیک‘ لانچ کی تھی جسے دنیا بھر میں کافی پذیرائی ملی۔