جواہر نگر اور میڑچل میں دو افراد کے درمیان جھگڑا ، فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش،بی جے پی کا دھرنا ، حملہ آور گرفتار ، حالات کشیدہ ، پولیس کی چوکسی

   

حیدرآباد ۔ 27 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : جواہر نگر علاقہ میں دو افراد کے درمیان جھگڑے کے بعد حالات کشیدہ ہوگئے ۔ بی جے پی نے آپسی قرض کے اس معاملہ کو فرقہ وارانہ رنگ دیتے ہوئے آج رات راستہ روکو دھرنا منظم کیا ۔ جس کے سبب میڑچل اور جواہر نگر علاقوں میں کشیدگی پیدا ہوگئی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق مزمل احمد اور رام لعل کے درمیان 2 ہزار روپئے کی رقمی لین دین کا معاملہ چل رہاتھا ۔ پیشہ سے کرانہ اسٹور چلانے والے رام لعل سے مزمل نے 2 ہزار روپئے کا قرض لیا تھا اور اس قرض کو ادا کرنے میں ٹال مٹول کررہا تھا ۔ مزمل چند روز سے روزگار پر نہیں تھا اور قرض دار اس کے گھر کے چکر کاٹ رہے تھے ۔ مزمل کی والدہ نے قرض داروں کے مکان پہونچنے پر بیٹے کو شدید ڈانٹ ڈپٹ کا شکار بنایا ۔ اس بات سے پریشان مزمل نے رام لعل پر چاقو سے حملہ کردیا ۔ اس حملہ میں رام لعل شدید زخمی ہوگیا جس کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔ اس کے گلے پر شدید زخم کے نشان پائے گئے اور رام لعل کی حالت کو خطرہ سے باہر قرار دیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے مزمل احمد کو حراست میں لے لیا ہے ۔ اس بات کی اطلاع عام ہوتے ہی بی جے پی نے اس واقعہ کو فرقہ وارانہ رنگ دیتے ہوئے احتجاج شروع کردیا ۔ اور خاطی کے حملہ کو سازش قرار دیتے ہوئے گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔ بی جے پی کے اس احتجاج سے مقامی سطح پر کشیدگی پیدا ہوگئی اور پولیس نے احتیاطی طور پر جواہر نگر میڑچل اور آس پاس کے علاقوں میں چوکسی اختیار کرلی ہے ۔۔ ع