جوبلی ہلز میں کانگریس کی شکست سے وعدوں پر عمل آوری ہوگی

   

رحمت نگر کے این پی آر ہلز گراؤنڈ پر منعقدہ بی آر ایس کے جلسہ سے ہریش راؤ کا خطاب
حیدرآباد۔ 13 اکتوبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کے رکن اسمبلی ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے ضمنی انتخاب میں کانگریس پارٹی کو شکست دینے پر 6 ضمانتوں پر عمل آوری ہوگی۔ غریب لڑکیوں کی شادی میں ایک تولہ سونا تحفہ میں حاصل ہوگا۔ رحمت نگر این پی آر ہلز گراؤنڈ میں منعقدہ پارٹی کے ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے اسمبلی انتخابات میں 100 دن میں 6 ضمانتوں پر عمل کرنے کا عوام سے وعدہ کیا۔ کانگریس حکومت کے 700 دن مکمل ہونے کے باوجود کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام کی ساری توجہ اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے ضمنی انتخاب پر مرکوز ہوگئی ہے۔ اب اس حلقہ کے عوام کی ذمہ داری ہے۔ وہ اپنی شعور بیداری کا ثبوت دیں۔ کانگریس کو شکست دیتے ہوئے ریاست کے عوام کی خواہش پوری کریں۔ کانگریس پارٹی نے 6 ضمانتوں پر کوئی عمل آوری نہیں کی۔ خواتین کو ماہانہ 2500 روپے معاوضہ دینے کا وعدہ کیا گیا۔ اس پر کوئی عمل آوری نہیں کی گئی۔ بیروزگار نوجوانوں کو ماہانہ 4000 روپے بیروزگاری بھتہ دینے کا وعدہ کیا گیا۔ اس پر بھی کوئی عمل آوری نہیں کی گئی۔ کالج کی طالبات کو اسکوٹی دینے کا وعدہ کیا گیا اس کو بھی فراموش کردیا گیا۔ سماج کے تمام طبقات کے لئے ڈکلریشن کا اعلان کیا گیا اس پر بھی کوئی عمل آوری نہیں کی گئی ہے۔ ایسی حکومت کا رہنا نہیں رہنا برابر ہے۔ ریاست میں 12 فیصد کمیشن کی حکومت چل رہی ہے۔ بدعنوانیاں عام ہوگئی ہیں۔ ناانصافیوں کے خلاف آواز اٹھانے والوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرتے ہوئے ڈرایا دھمکایا جارہا ہے۔ سماج کا کوئی بھی طبقہ ریونت ریڈی حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہے۔ 2