جودھ پور میں کرفیو کے پانچویں دن چار گھنٹے کی نرمی

   

جودھپور ۔ راجستھان کے جودھپور شہر میں تشدد کے واقعات کے بعد شہر کے دس تھانہ علاقوں میں نافذ کرفیو کے پانچویں دن آج صبح چار گھنٹے کی نرمی دی گئی۔ پولس کے مطابق اس وقت علاقوں میں امن ہے اور صبح آٹھ سے بارہ بجے تک کرفیو میں مہلت دی گئی ہے ۔ اس دوران لوگ ضروری خریداری کیلئے گھروں سے نکلے جن میں دودھ، سبزی، پھل سمیت اپنی ضرورت کی دیگر اشیاء کی خریداری کی۔ اس دوران جنرل اسٹورس پر لوگوں کی کافی بھیڑ تھی۔ شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے اور حالات قابو میں بتائے جاتے ہیں۔ اس دوران کہیں سے کوئی ناخوشگوار خبر موصول نہیں ہوئی۔ جمعہ کے روز کرفیو میں نرمی کے دوران صبح دو گھنٹے اور اس کے بعد ہفتے کے روز اس نرمی میں مزید دو گھنٹے کی توسیع کی گئی اور ان چار گھنٹوں کی نرمی میں امن رہا اور کہیں کوئی ہنگامہ نہیں ہوا۔