جونیر ڈاکٹرس ہڑتال سے دستبردار، وزیر صحت سے مذاکرات کامیاب

   

حیدرآباد۔/19ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا سے تلنگانہ جونیر ڈاکٹرس کی کامیاب بات چیت کے بعد جونیر ڈاکٹرس نے ہڑتال سے دستبرداری اختیار کرلی ہے۔ جونیر ڈاکٹرس نے مقررہ وقت پر اسٹائیفنڈ کی عدم اجرائی پر احتجاج کرتے ہوئے ہڑتال کی دھمکی دی تھی۔ وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا کی مداخلت کے بعد جونیر ڈاکٹرس نے آؤٹ پیشنٹ خدمات کے بائیکاٹ کے فیصلہ سے دستبرداری اختیار کرلی۔ جونیر ڈاکٹرس نے آج سے ہڑتال کا اعلان کیا تھا لیکن کامیاب مذاکرات کے بعد انہوں نے فیصلہ واپس لے لیا۔ سکریٹریٹ میں وزیر صحت نے جونیر ڈاکٹرس کے 6 مسائل پر بات چیت کی۔ انہوں نے اسٹائیفنڈ کی بروقت اجرائی کیلئے گرین چینل سے رقومات جاری کرنے کا تیقن دیا اور کہا کہ ہر ماہ کی 15 تاریخ تک اسٹائیفنڈ جاری کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں نئے سافٹ ویر کو 20 دن میں ڈیولپ کرلیا جائے گا۔ وزیر صحت نے بی اینڈ بی طلبہ کو گذشتہ 8 ماہ سے اسٹائیفنڈ کی عدم اجرائی پر افسوس کا اظہار کیا اور جلد رقومات جاری کرنے کا تیقن دیا۔ انہوں نے خانگی کالجس کے پی جی انٹرنشپ طلبہ کے اسٹائیفنڈ کے مسئلہ پر عہدیداروں سے بات چیت کرنے کا تیقن دیا۔ تلنگانہ جونیر ڈاکٹرس اسوسی ایشن کے ارکان کے مطابق وزیر صحت نے مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کا بھروسہ دلایا لہذا ہڑتال سے دستبرداری اختیار کرلی ہے۔ جونیر ڈاکٹرس نے عثمانیہ ہاسپٹل کی نئی عمارت کی تعمیر کا مسئلہ بھی اٹھایا جس پر وزیر صحت نے کہا کہ نئی عمارت کیلئے اندرون دو ماہ سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے میڈیکل کالجس کے کیمپس میں نئی ہاسٹل بلڈنگ کی تعمیر کا تیقن دیا۔ تلنگانہ میں کانگریس حکومت کی تشکیل کے بعد جونیر ڈاکٹرس نے سب سے پہلے اپنے مطالبات کی یکسوئی کیلئے احتجاج کیا۔ر