تعطیلات میں کلاسیس کے انعقاد پر پابندی، تعلیمی سال میں جملہ 226 ایام کار
حیدرآباد 4 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے تعلیمی سال 2025-26 ء کا اکیڈیمک کیلنڈر جاری کیا ہے۔ ریاست کے تمام جونیر کالجس کے لئے اکیڈیمک کیلنڈر پر عمل آوری لازمی رہے گی جن میں سرکاری اور خانگی کالجس شامل رہیں گے۔ جنرل اور ووکیشنل کورسیس کے کالجس کے لئے بھی یہی اکیڈیمک کیلنڈر نافذ کیا جائے گا۔ اکیڈیمک کیلنڈر کے متعلق جونیر کالجس کا گرمائی تعطیلات کے بعد 2 جون سے آغاز ہوگا۔ فرسٹ ایئر اور سیکنڈر ایئر کے کلاسیس کا 2 جون سے آغاز رہے گا۔ دسہرہ کی تعطیلات 28 ستمبر تا 5 اکٹوبر رہیں گی اور 6 اکٹوبر سے دوبارہ کلاسیس کا آغاز ہوگا۔ ہاف ایئرلی امتحانات 10 تا 15 نومبر منعقد کئے جائیں گے اور سنکرانتی کی تعطیلات 11 تا 18 جنوری 2026 ء رہیں گی۔ سنکرانتی تعطیلات کے بعد جونیر کالجس کا 19 جنوری کو آغاز ہوگا۔ پری فائنل امتحانات 19 تا 24 جنوری 2026 ء منعقد کئے جائیں گے۔ پراکٹیکل امتحانات فبروری کے پہلے ہفتہ میں منعقد ہوں گے جبکہ تھیوری امتحانات کا مارچ 2026 ء کے پہلے ہفتہ میں آغاز ہوگا۔ 31 مارچ 2026 ء تعلیمی سال کا آخری دن رہے گا۔ گرمائی تعطیلات یکم اپریل 2026 ء تا 31 مئی 2026 ء رہیں گی۔ اڈوانس سپلیمنٹری امتحانات مئی 2026 ء کے آخری ہفتے میں رہیں گے۔ اکیڈیمک کیلنڈر کے مطابق جونیر کالجس کیلئے 226 ایام کار رہیں گے۔ حکومت سے اعلان کردہ سرکاری تعطیلات پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ خانگی غیر امدادی جونیر کالجس کو گرمائی تعطیلات پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ تعطیلات کے دوران کسی طرح کی کلاسیس کے انعقاد کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے شیڈول کے مطابق انٹرمیڈیٹ میں داخلہ دیئے جائیں گے۔ سکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے جونیر کالجس کے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ اکیڈیمک کیلنڈر پر سختی سے عمل کریں۔1