جون میں ڈبل بیڈروم مکانات تقسیم ہوں گے

   

شادنگر رکن اسمبلی ویرلا شنکر کا تیقن ، مستحقین کا انتخاب کیا جائے گا
شادنگر 17 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) شادنگر ایم ایل اے ویرلا پلی شنکر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پچھلی حکومت نے انتخابات سے پہلے جلد بازی کرتے ہوئے ووٹوں کے حصول کے لیے نااہل لوگوں کو ڈبل بیڈروم مکانات الاٹ کر دیے۔ سابقہ حکومت کا یہ عمل غیر مناسب عمل ہے۔ انہوں نے صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے بتایا کہ مستحق افراد کا انتخاب کئے بغیر کئی بے ضابطگیاں کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی مستحق افراد کی نشاندہی کی جائے گی اور پارلیمانی انتخابات کے بعد جون کے آخر میں غریبوں میں ڈبل بیڈ روم کے مکانات تقسیم کیے جائیں گے۔ ایم ایل اے نے کہا کہ اگر وہ اہل ہیں تو انہیں مکان ملے گا اور اگر وہ اہل نہیں ہیں تو انہیں نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شادنگر میں بہت سے خانہ بدوش لوگ رہتے ہیں ، اور کئی ایک جھونپڑیوں میں یا درختوں کے نیچے رہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خانہ بدوش قبائل میں بہت سے مستحق لوگ ہیں ، خاص طور پر مستحق لوگوں کو جو کہ گھروں میں کام کرنے والے افراد، انہیں مکانات ملنے چاہئیں۔ ایم ایل اے شنکر نے بتایا کہ وہ انتخابات کے بعد متعلقہ حکام سے بات کریں گے اور مکانات کی تقسیم میں مستحق لوگوں کا پورا خیال رکھیں گے۔ اس میٹنگ میں ٹی پی سی سی ممبر محمد علی خان بابر، چندی تروپت ریڈی، سری کانت ریڈی، بلراج گوڑ، کرشناوینی، آندے موہن، سری سیلم گوڑ۔ راجیش نہرو نائک اور دیگر موجود تھے۔