جو کے دلیے پر مشتمل ڈائٹ پلان

   

دلیہ ایک ایسی غذا ہے جو چھوٹے اور بڑے سب ہی شوق سے کھاتے ہیں۔ ویسے تو اسے کسی بھی وقت تناول فرمایا جاسکتا ہے لیکن عموماً لوگ ناشتے میں اسے کھانا پسند کرتے ہیں۔ دلیہ مختلف اجزاء سے تیار کیا جاتا ہے مگر جَو کا دلیہ زیادہ رغبت سے کھایا جاتا ہے۔ خشک جوَسے بنایا گیا دلیہ غذائیت سے بھرپور، ڈھیروں فوائد کے ساتھ ایک مکمل اناج سمجھا جاتا ہے۔ اس کے ذائقہ اور غذائی اجزاء کو پھل یا دیگر اشیا شامل کرکے مزید بڑھایا جاسکتا ہے۔ جَو کے دلیے کی بھی باقاعدہ ایک ڈائٹ ہے، جسے اوٹ میل (Oatmeal Diet)کہا جاتاہے۔اوٹ میل ڈائٹ پر بات کرنے سے پہلے صحت بخش اناج جَو (اوٹ) کی بات کرلیتے ہیں۔ یہ گلوٹن فری ہول گرین ہے جو وٹامنز،منرلز، فائبر اور اینٹی آکسیڈنٹس کے حصول کا ذریعہ تسلیم کیا جاتا ہے۔ آدھا کپ (78گرام) خشک جَو میں روزمرہ حاصل کیے جانے والے غذائی اجزاء کی تفصیل کچھ یوں ہے؛ مینگنیز (191فیصد)، فاسفورس (41فیصد)، میگنیشیم (34فیصد)، کاپر (24فیصد)، آئرن (20فیصد)، زنک (20فیصد)، فولیٹ (11فیصد)، وٹامن بی (39فیصد) اور وٹامن بی 5(10فیصد)۔جَو سے بنے دلیے کے حوالے سے مختلف مطالعات اس کے صحت پر پڑنے والے مفید اثرات کو ثابت کرتے ہیں۔ اسے دانشمندی سے اپنی ڈائٹ کا حصہ بنانے کے لیے دن میں ایک یا دو بار استعمال کریں-