جگن موہن ریڈی 48 برس کے ہوگئے ،وزیر اعظم، گورنرس نے سالگرہ کی مبارکباد دی،ریاست بھر میں سالگرہ تقاریب کا اہتمام

   

حیدرآباد۔/21 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی آج 48 برس کے ہوگئے۔ سالگرہ کے موقع پر جگن موہن ریڈی نے تاڑے پلی امراوتی میں واقع کیمپ آفس میں کیک کاٹا۔ اس موقع پر پنڈتوں نے انہیں آشیرواد پیش کیا۔ ریاستی وزراء ، عوامی نمائندوں اور اعلیٰ عہدیداروں نے جگن کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔ کیمپ آفس کی تقریب میں نائب وزیر اعلیٰ نارائن سوامی، ریاستی وزراء بی ست نارائنا، وی سرینواس، بی سرینواس ریڈی، اے سریش، چیف سکریٹری سمیر شرما ، ارکان پارلیمنٹ ویمی ریڈی، بالا شری، ارکان اسمبلی بھاسکر ریڈی، وی شیلجہ کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں نے چیف منسٹر کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔ وزیر اعظم نریندر مودی، گورنر آندھرا پردیش بسوا بھوشن ہری چندن اور گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے جگن کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔ وزیر اعظم نے اپنے پیام میں جگن کی درازی عمر اور صحتمند زندگی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ گورنر آندھرا پردیش ہری چندن نے ٹوئٹر پر جگن موہن ریڈی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے عوام کی خدمت کیلئے درازی عمر کی دعا کی۔ میگا اسٹار چرنجیوی نے بھی جگن کو مبارکباد پیش کی ہے۔ آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں برطانیہ کے ڈپٹی ہائی کمشنر ڈاکٹر اینڈریو فلیمنگ نے جگن کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی اور برطانیہ کے ساتھ مستحکم تعلقات کی امید ظاہر کی۔ برسراقتدار وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی جانب سے ریاست بھر میں جگن کی سالگرہ تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ غریبوں میں ملبوسات اور اناج کی تقسیم کے علاوہ شجرکاری مہم میں قائدین اور کارکنوں نے حصہ لیا۔ واضح رہے کہ جگن موہن ریڈی 2019 میں برسراقتدار آئے۔ وہ آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے فرزند ہیں جن کی پیدائش 21 ڈسمبر 1972 کو ہوئی۔ 2009 میں کڑپہ سے پارلیمنٹ کیلئے منتخب ہوکر جگن نے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا۔ والد کی ہیلی کاپٹر حادثہ میں موت کے بعد انہوں نے کانگریس سے استعفی دے کر وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائم کی۔ مئی 2019 کو اسمبلی انتخابات میں 175 کے منجملہ 151 اسمبلی اور 25 لوک سبھا میں 22 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ر