جگن پر قاتلانہ حملہ کا ملزم حیدرآباد کو منتقل

,

   

حیدرآباد ۔ /13 جنوری (سیاست نیوز) قومی تحقیقاتی ایجنسی ( این آئی اے) عہدیداروں نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے سربراہ وائی ایس جگن موہن ریڈی پر ہوئے قاتلانہ حملے میں ملوث ملزم جے سرینواس راؤ کو وشاکھاپٹنم سے حیدرآباد منتقل کیا ۔ 29 سالہ جے سرینواس راؤ نے جگن موہن ریڈی پر وشاکھاپٹنم ایرپورٹ پر اس وقت حملہ کردیا تھا جب وہ وی آئی پی لانچ پہونچے تھے ۔ آندھراپردیش پولیس نے اس ضمن میں مقدمہ درج کرتے ہوئے سرینواس راؤ کو گرفتار کیا تھا اور اس کے قبضے سے مرغ بازی میں استعمال کئے جانے والی چاقو برآمد کی تھی ۔ حالیہ دنوں کمشنر پولیس وشاکھاپٹنم مسٹر مہیش چندر لڈھا نے ایک صحافتی بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ محض مقبولیت کیلئے سرینواس راؤ نے جگن پر حملہ کیا تھا ۔ بعد ازاں مرکزی حکومت نے اس کیس کی تحقیقات کو نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کئے تھے جس کے بعد این آئی اے حیدرآباد یونٹ نے اس ضمن میں مقدمہ درج کرتے ہوئے ملزم سرینواس راؤ سے تفتیش شروع کی تھی ۔ این آئی اے عہدیداروں نے متعلقہ عدالت سے پی ٹی وارنٹ حاصل کرنے کے بعد ملزم کو آج حیدرآباد لایا اور اسے این آئی اے دفتر واقع خانہ میٹ مادھاپور منتقل کیا ہے ۔